حکومت سے مذاکرات کے نتیجے میں عوام کو بڑا ریلیف ملا، پٹرولیم قیمتوں میں مزید کمی کے امور 25 نومبر تک طے ہوں گے، لیاقت بلوچ
نائب امیر جماعت اسلامی کا پٹرولیم لیوی میں کمی، موٹر سائیکل سواروں اور کسانوں کے لیے ریلیف پیکج اور عوامی مسائل کے حل تک جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان۔

اسلام آباد: نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے حکومت سے حتمی مذاکرات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی مسلسل احتجاجی تحریک اور جدوجہد کے نتیجے میں عوام کو بڑا ریلیف ملا ہے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی ممکن ہوئی ہے۔
اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر عطاء الرحمٰن، مذاکراتی کمیٹی کے ارکان ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید فراست شاہ، امیر جماعت اسلامی شمالی خیبر پختونخوا عنایت اللہ خان اور امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری بھی موجود تھے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی کی جدوجہد کے نتیجے میں پٹرول کی قیمت میں 146 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 242 روپے فی لیٹر تک کمی آئی، جس سے مجموعی طور پر ماہانہ 32 ارب روپے کا ریلیف دیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق اگر یہ اقدامات نہ ہوتے تو پٹرول کی قیمت 520 روپے سے جبکہ ڈیزل کی قیمت 620 روپے فی لیٹر سے تجاوز کر سکتی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت نے ایک جامع ریلیف پیکج تیار کر لیا ہے، جس کا دائرہ موٹر سائیکل سواروں، تھری ویلرز اور زرعی شعبے تک بڑھایا جائے گا۔ ان کے مطابق ریفائنریوں کے ونڈ فال منافع سے فی لیٹر 16 روپے سے زائد ریلیف دینے اور مقامی خام تیل پر اضافی ٹیکس عائد نہ کرنے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔
نائب امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی سے متعلق حتمی امور 24 یا 25 نومبر کو وزیراعظم اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن کے درمیان ملاقات میں طے ہوں گے۔
انہوں نے پٹرولیم لیوی کو بھتہ اور دادا گیری قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ آئندہ بجٹ سے قبل اسے اس کی اصل سطح پر لانے کا معاملہ طے کیا جائے۔ انہوں نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام صوبوں کے حوالے کرنے اور سرکاری سطح پر 1300 سی سی سے بڑی گاڑیوں کے استعمال کو محدود کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔
لیاقت بلوچ نے خیبر پختونخوا میں عوام کو امن فراہم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی عوامی مسائل کے حل اور حقیقی ریلیف کی فراہمی تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔