نظام کو تباہ کرنے والے ہی کہتے ہیں کہ نظام ناکام ہوگیا ،لیاقت بلوچ
نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان کا مرکزی تربیت گاہ سے خطاب

نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلو چ نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ اپنے مقاصد کے لئے لوگوں کو استعمال کرتی ہے۔ ہرالیکشن میں پسند اور ناپسند کا کھیل کھیلنے کے لئے کبھی آرٹی ایس سسٹم بٹھا دیا اور کبھی فارم 47بنا لیا جاتا ہے۔78سال سے سرمایہ دارانہ اور جاگیردارانہ نظام مسلط ہے۔ جنہوں نے نظام کو تباہ کیا وہی کہتے ہیں کہ نظام تباہ ہوگیا۔عوام کی زندگیاں اجیرن کرنے والے نظام تباہ ہوکر رہتے ہیں۔مستقبل اسلام اور مسلمانوں کا ہے۔

اسلامی نظام پاکستان کا مقدر ہے،ملک میں اسلام کا نفاذ ہوکررہے گا۔جماعت اسلامی مسلکوں اور دھڑے بندیوں کے بجائے عوام کی خدمت کی سیاست کرتی ہے۔ عوام کو ریلیف دلانے کے لئے جماعت اسلامی نے تیل کی قیمتوں کے خلاف ملک گیر دھرنے دیئے اورمذاکرات کے 10راؤنڈ کئے۔بہت جلد وزیر اعظم اور امیر جماعت کی ملاقات میں تیل کی قیمتوں میں واضح کمی کا اعلان ہوگا۔جس طرح آئی پی پیز کا قضیہ ختم ہوا اسی طرح پٹرولیم لیوی سے بھی عوام کو نجات دلائیں گے۔ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے منصورہ میں جاری مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ناظم تربیت گاہ حافظ سیف الرحمن بھی موجود تھے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ عوام سیاسی بحرانوں اورجماعتوں کی کارکردگی سے مایوس ہوچکے ہیں۔ہم نے ہمیشہ قومی وحدت اور یکجہتی کی کوشش کی مگر سیاسی جماعتوں نے دھڑے بندیوں اور مسلکوں کو ترجیح دی،عوام کے مسائل کے حل کے لئے ہم اتحادوں میں بھی شریک رہے اور سنجیدگی کے ساتھ کام کیا مگر بار بار کے تجربوں کے بعد ہم نے فیصلہ کرلیا ہے کہ جماعت اسلامی اپنے جھنڈے اور نشان کے ساتھ انتخابات میں حصہ لے گی،ہمیں کسی کی بیساکھیوں کی ضرورت نہیں،عوام کی تائید اور اللہ پر کامل یقین اور بھروسے کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ہم نے طے کرلیا ہے کہ اپنی محنت اور خدمت کی بنیاد پر آگے بڑھنا ہے۔

انہوں نے کارکنان پر زور دیا کہ مکمل یکسوئی سے عوام کی خدمت کریں،عوامی رابطوں کو بڑھائیں،عوام کے مسائل کے حل کے لئے جدوجہد کریں اور استقامت کے ساتھ اقامت دین کا فریضہ سر انجام دیں۔وہ وقت دور نہیں جب اللہ تعالیٰ راستے کھولے گا اور ملک میں اسلامی انقلاب کا سورج طلوع ہوگا۔
