جعلی حکومت، پارلیمنٹ اور وزیراعظم کے خلاف کسی کو بولنے کی اجازت نہیں، ڈاکٹر اسامہ رضی
نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر اسامہ رضی کا منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ سے خطاب

نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر اسامہ رضی نے کہا ہے کہ اسلام مذہب یا چند عبادات کا مجموعہ نہیں بلکہ ایک مکمل نظامِ زندگی ہے۔ جب تک اسلام کو نظامِ زندگی کے طور پر نہیں اپنایا جاتا، امت کو وہ عزت و وقار اور غلبہ حاصل نہیں ہو سکتا جو خلافتِ راشدہ کے دور میں تھا۔ اسلامی نظام کے بغیر زندگی گزارنے والا کماحقہ اللہ کے احکامات پر عمل نہیں کر سکتا۔ دین کے بغیر اقتدار ظلم و جبر کا ذریعہ بن جاتا ہے۔ نظام کو چلانے والوں نے بھی ہاتھ کھڑے کر دیے ہیں۔ ملک کو نئے نظام کی ضرورت ہے۔ انگریز سے آزادی کے باوجود قوم جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کے ہاتھوں غلام ہے۔ اقتدار پر قابض ٹولے نے عوام سے جینے کا حق چھین لیا ہے۔

مہنگائی اور بے روزگاری کے عفریت نے عوام کو چاروں طرف سے گھیر لیا ہے۔ لوگوں کے گھروں کے چولہے بجھ رہے ہیں، لیکن حکمرانوں کے پروٹوکول اور عیاشیاں کم ہونے کا نام نہیں لے رہیں۔ جماعت اسلامی کی ’’بدل دو نظام‘‘ تحریک کا مقصد پاکستان کو کرپٹ اور بددیانت ٹولے سے نجات دلانا اور اللہ کی حاکمیت قائم کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ناظمِ تربیت حافظ سیف الرحمن اور ڈاکٹر عطاء الرحمن بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر اسامہ رضی نے کہا کہ اسلام مذہب نہیں بلکہ نظامِ زندگی ہے۔ پاکستان کا آئین اور دستور ریاستی نظام کو دین کے تابع بنانے کا تقاضا کرتا ہے۔ آئین میں یہ تسلیم کیا گیا ہے کہ ملک میں کوئی قانون قرآن و سنت کے خلاف نہیں بنے گا۔ ہم آئینِ پاکستان کو اس کی روح کے مطابق نافذ کرنے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ ہماری لڑائی اپنے اقتدار کے لیے نہیں بلکہ اسلام کے نفاذ کے لیے ہے۔ جماعت اسلامی آئین و قانون کی سربلندی اور عوام کی آزادی کی جنگ لڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاگیرداروں، وڈیروں، بیوروکریسی اور اسٹیبلشمنٹ نے ملک توڑنا گوارا کر لیا، مگر جمہوریت کو قبول نہیں کیا۔

ڈاکٹر اسامہ رضی نے کہا کہ برصغیر کی آزادی سے پہلے جس طرح سرداری اور جاگیردارانہ نظام تھا، آج اس سے بڑھ کر انتہائی بھیانک صورت میں مسلط ہے۔ یہ ظلم و جبر کا نظام انگریزوں کی غلامی سے بھی بدتر ہے، جس نے عام آدمی سے اس کے بنیادی حقوق چھین لیے ہیں۔ قانون جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کے ہاتھ کی چھڑی اور جیب کی گھڑی بن چکا ہے۔ سرمائے کے بل بوتے پر ان لوگوں نے عدالت، سیاست، ریاست اور تمام سہولتوں پر قبضہ کر رکھا ہے۔ لوگوں کو تعلیم، صحت، عدل و انصاف اور روزگار میسر نہیں، نہ ہی وہ اپنی مرضی کے حکمران منتخب کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر انتخاب کے بعد چہرے بدل جاتے ہیں، مگر نظام وہی رہتا ہے اور اسی نظام کو بچانے کے لیے ان لوگوں کو مسلط کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام جعلی اور غیر منتخب حکومتوں سے تنگ آ چکے ہیں۔ یہ نظام صرف وڈیروں، جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کو تحفظ دیتا ہے۔ جماعت اسلامی ملک کو اس گھمبیر اور بھیانک صورتِ حال سے نکالنے کی جدوجہد کر رہی ہے۔