آئین و دستور کا تقاضا ہے کہ ملک میں اسلامی حکومت قائم کی جائے، ڈاکٹر عطاء الرحمٰن

نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان کا مرکزی تربیت گاہ سے خطاب

2 منٹ
لاہور: نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر عطا الرحمٰن منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کر رہے ہیں
لاہور: نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر عطا الرحمٰن منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کر رہے ہیں

نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر عطاء الرحمن نے کہا ہے کہ اسلام کسی بھی حکومت کی بلاوجہ مخالفت کی اجازت نہیں دیتا اور نہ مستقل حزب اقتدار اور حزب اختلاف کا قائل ہے۔حکمران اگر قرآن و سنت کے احکامات کی روشنی میں فیصلے کررہا ہوتو اس کی اطاعت فرض ہے۔خلافت کے نظام کا حسن یہی ہے کہ اس میں مخالفت برائے مخالفت کا کوئی تصور نہیں خلافت اور امارت کے نظام کے بغیردین کے قیام کا تصور نہیں،دینی امور کا ایک بڑا حصہ ایسا ہے جس پراسلامی حکومت کے بغیر عمل نہیں ہوسکتا۔ قرآن و سنت کی تعلیمات اور دستور کے علی الرغم ملک میں سودی نظام معیشت چل رہا ہے۔آئین یکم جنوری 2028تک سود ختم کرنے کا پابند بناتا ہے مگر ابھی تک اس طرف کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔اسلامی حکومت و ریاست عملا ً اقامت دین کی پابند ہے۔حکمران  قرآن و سنت اور آئین سے روگردانی اور بغاوت کے مرتکب ہورہے ہیں۔جماعت اسلامی کی جدوجہد کا مقصد ہی ملک میں اسلامی حکومت کا قیام ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں جاری مرکزی تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ڈاکٹر عطاء الرحمن نے کہا کہ نظام خلافت ملوکیت اور بادشاہت کے خلاف اور عام آدمی کو حق حکمرانی دیتا ہے۔اسلام میں موروثی اقتدار کا کوئی تصور نہیں۔خلیفہ وقت بھی عوام کے سامنے جواب دہ ہے۔ریاست کے نظام و نسق کواللہ کے احکامات کے مطابق چلانے اور دین کی حفاظت کے لئے پیغمبر کی نیابت میں خلافت قائم کی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر آئین پاکستان پر عمل کیا جاتا تو موجودہ سیٹ اپ کبھی اقتدار نہ آتا۔ملک میں غالب اکثریت مسلمانوں کی ہے مگر یہاں قانون انگریز کا چل رہا ہے۔جمہوریت کے نام پر بدترین آمریت مسلط ہے۔اقتدار کے حصول کے لئے ووٹ خریدے اور بیچے جاتے ہیں اور عوام کو مختلف حربوں سے اپنی حمایت پر مجبور کیا جاتا ہے۔سڑکوں،گلیوں اور نالیوں کی تعمیر کے وعدوں پر لوگوں سے ووٹ لئے جاتے ہیں۔

ڈاکٹر عطاء الرحمن نے کہا کہ دین کے حقیقی تصور سے نا بلد ہونے کی وجہ سے لوگوں کو اپنے ووٹ کی اہمیت اور طاقت کا اندازہ نہیں،مایوس ہونے کی ضرورت نہیں،لوگوں پر جب دین کا حقیقی تصور واضح ہوجائے گا تو وہ کسی خائن اور بدیانت کے حق میں رائے دینے کے بارے میں سوچیں گے بھی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام اسلام سے محبت کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ملک میں اسلامی نظام کا نفاذ ہومگر جاگیر دار اور وڈیرے ان کی گردنوں پر سوار ہیں جس کی وجہ سے عام آدمی ان کے خلاف اٹھنے اور بات کرنے سے ڈرتا ہے۔اگر ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی ہوتو یہی عوام اٹھ کھڑے ہونگے اور بددیانت اور کرپٹ حکمرانوں کے خلاف لاکھوں کی تعداد میں سڑکوں پر نکل کر ان کا ناطقہ بند کردیں گے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اسلامی انقلاب کے لئے عوام کو منظم کرے گی اور اسلام کے نفاذ کے لئے بہت بڑی عوامی تحریک اٹھائے گی۔