خدمت اور کارکردگی کی بنیاد پر جماعت اسلامی کراچی کے عوام کی پسندیدہ ترین جماعت بن چکی ہے ۔ حافظ نعیم الرحمٰن

3 منٹ
لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کر رہے ہیں
لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کر رہے ہیں

 امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اقامت دین کی عالمگیر جماعت ہے۔جماعت اسلامی دیگر سیاسی جماعتوں سے الگ اور منفرد پہچان رکھتی ہے، معاشرتی اصلاح اور خدمت کے کاموں میں جماعت اسلامی کا مقابلہ کوئی نہیں کرسکتا۔ہم رائے عامہ کے ذریعے تبدیلی لانا چاہتے ہیں۔ کراچی کے انتخابات میں پیپلز پارٹی نے عوام کی رائے پر ڈاکہ ڈالا، میئرشپ پر شب خون مارا گیا، کراچی کے عوام پیپلز پارٹی سے نجات چاہتے ہیں۔ جماعت اسلامی کسی کے سہارے سے اقتدار میں نہیں آنا چاہتی۔ جماعت اسلامی نے کراچی سمیت ملک بھر میں بھرپورخدمت کے ذریعے عوام کو اپنا گرویدہ بنایا ہے۔ دیگر سیاسی جماعتیں وقتی ناراضگی اور نورا کشتی کے بعد سب ایک ہوجاتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں جاری مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ناظم تربیت گاہ حافظ سیف الرحمن بھی موجود تھے۔

  حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان سمیت دنیا بھر اسلام کے غلبہ کی جدوجہد کررہی ہے۔ہم تحریک کے مقاصد کو آگے بڑھانے کے لئے انتخابات میں حصہ لیتے ہیں ۔ ہم کامیاب ہوں یا نہ ہوںظلم اور اللہ کی نافرمانی کا راستہ روکنے کے لئے انتخابات میں حصہ لیتے رہیں گے، انہوں نے کہا کہ ہم مسلکی اور لسانی جماعتوں کی طرح تعصبات اور نفرت کی سیاست نہیں کرتے ۔جماعت اسلامی فرقہ و مسلک پرست جماعت نہیں، اسلامی انقلابی تحریک ہے۔ بانی جماعت اسلامی سید مولانا مودودیؒ کی فکر پوری دنیا میں پھیل رہی ہے ۔ گزشتہ وموجودہ صدی مولانا مودودی ؒ کی فکر کی صدی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم حالات کے تناظر میں مشاورت سے فیصلے کرتے ہیں تحریکیں اپنے نظریات اور فکر کی بنیاد پر زندہ رہتی ہیں۔ اخوان المسلمون پر شب خون مارا گیا تو لوگوں نے کہا تحریک ختم ہو گئی، مگر عرب بہار میں تیونس ،مصر ،لیبیا،شام یمن سمیت کئی ممالک میں عوامی اجتماعات نے ثابت کردیا یہ تحریکیں عوام کے دلوں میں اپنا گھر بنا چکی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مسلسل جدوجہد سے 2011 میں اخوان المسلمون کئی ممالک تک پھیل گئی اور اس وقت بھی اس کے40 ہزار کارکن جیلوں میں ہیں، امریکا سمیت دنیا کی کوئی طاقت اخوان المسلمون کو نہیں دبا سکی ۔اسی طرح بنگلادیش میں جماعت اسلامی قید و بند کی صعوبتوں اور پھانسیوں پر لٹکائے جانے کے باوجود آج تین کروڑ سے زائد ووٹ حاصل کرکے عوام کے دلوں میں بستی ہے اورجماعت اسلامی کے قائدین کو موت کی سزائیں سنانے والوں کو جائے پناہ نہیں مل رہی ۔

 حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی کا سیاسی و انتخابی میدان میں دیگر جماعتوں سے مقابلہ ہوتا ہے مگر خدمت کے میدان میں جماعت اسلامی کا مقابلہ کوئی جماعت نہیں کر سکتی۔ جماعت اسلامی کسی خاص مسلک کی طرف نہیں بلکہ پورے دین کی طرف بلاتی ہے۔ہم مسلکوں کی دکانداری کے خلاف  ہیں اور مسلکوں اور لسانی بنیاد پر تقسیم نہیں کرتے بلکہ ہم سب کو جوڑتے ہیں۔

جماعت اسلامی میں تمام مسالک کے لوگ موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ دیگر جماعتوں کی سیاست انہیں چور لٹیروں کو الیکشن لڑانے اور سیٹیں دینے کی اجازت دیتی ہے مگر جماعت اسلامی میں صرف دیانتدار اور امانتوں کا تحفظ کرنے والے ہی آسکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم تو دیگر مذاہب  کا بھی احترام کرتے ہیں اس لئے سکھ عیسائی اور ہندو بھی جماعت اسلامی کے اقلیتی ونگ میں موجود ہیں ۔ کراچی میں جماعت اسلامی کا اقلیتی ونگ بھی انتہائی مضبوط ہے اور ہمارے منتخب نمائندے اپنے دینی بھائیوں کی خدمت کررہے ہیں ۔