پٹرولیم لیوی کے خلاف احتجاجی تحریک کے تیسرے مرحلے کا آغاز جمعہ کو ہوگا
تئیس اکتوبر کو ملک کے تمام اضلاع میں دھرنے دیے جائیں گے، ترجمان جماعت اسلامی پاکستان

امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی ہدایت پر پٹرولیم لیوی کے خلاف جاری ملک گیر احتجاجی تحریک کے تیسرے مرحلے کا آغاز جمعہ 23 اکتوبر کو ہو گا۔
ترجمان جماعت اسلامی پاکستان نے کہا پے کہ تیسرے مرحلے کے آغاز پر جمعہ کو ہی ملک کے تمام اضلاع میں احتجاجی دھرنے دیے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ لیوی بھتہ کا خاتمہ جماعت اسلامی کا واضح اور دوٹوک مطالبہ ہے، عوام کے حقوق پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں ہوگا، لیوی کے خلاف دستخطی مہم جاری ہے ، احتجاج میں مزید شدت آئے گی ، ملک کے کونے کونے میں جدوجہد جاری رہے گی۔
امیر جماعت اسلامی کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بارے میں ترجمان جماعت اسلامی نےکہا کہ اس سلسلے میں حکومتی کمیٹی کے سربراہ احسن اقبال اور اہم ذمہ دار رانا ثنا اللہ نے نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ سے رابطے کیے تھے اور ملاقات کے لیے وزیراعظم کا پیغام پہنچایا تھا۔ دونوں اطراف میں طے پایا تھا کہ ملاقات کے شیڈول کی تیاری کے لیے جماعت اسلامی اور حکومتی کمیٹیاں ملاقات کریں گی ، تاہم بعدازاں حکومت کی جانب سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ امیر جماعت اسلامی بھی ملاقات کے حوالے سے پہلے ہی وضاحت کرچکے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے واضح کیا ہے کہ ملاقات کا ایجنڈا پٹرولیم لیوی کا خاتمہ ہوگا۔ حکومت ٹال مٹول سے کام لیتی ہے اور عوام کو ریلیف دینے سے انکار کرتی ہے تو فیصلہ سڑکوں پر ہوگا۔