حکومت اور جماعت اسلامی کے پٹرولیم لیوی پر مذاکرات کا فائنل راؤنڈ منگل کو اِسحاق ڈار کی میزبانی میں ہوگا
جماعت اسلامی کے احتجاج اور مذاکراتی کمیٹی کی جامع تجاویز کے نتیجے میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی آرہی ہے، اب حکومت کی جانب سے پٹرولیم لیوی اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے حتمی اقدامات کا مرحلہ ہے۔ لیاقت بلوچ

حکومت اور جماعت اسلامی کی سب کمیٹی کے مذاکرات کا فائنل راؤنڈ منگل 10 نومبر 2026ء کو ہوگا۔ نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار کی میزبانی میں اجلاس وزارت خارجہ کے ایس وائی کے بلاک میں منعقد ہوگا۔
نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور مذاکرات کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔ اس موقع پر لیاقت بلوچ نے انہیں آگاہ کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن کی ملاقات کے موقع پر ان کی سربراہی میں سب کمیٹی کا اجلاس ہوچکا ہے، جس کے بعد تکنیکی ٹیم نے بھی اپنا اجلاس منعقد کیا۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ اب حکومت کی جانب سے پٹرولیم لیوی اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے حتمی اقدامات کا مرحلہ ہے۔ جماعت اسلامی کے احتجاج اور مذاکراتی کمیٹی کی جامع تجاویز کے نتیجے میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی آرہی ہے، آئل ریفائنریز کے معاملات بھی حل کیے گئے ہیں جبکہ لیوی کے معاملے کو بھی بالواسطہ بنیادوں پر ایڈجسٹ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات اور اعلیٰ سطحی بات چیت کے بعد اب تمام معاملات کو حتمی شکل دینا ناگزیر ہے۔
نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ جماعت اسلامی کا احتجاج پُرامن اور سیاسی و جمہوری دائرے میں رہتے ہوئے عوام کو ریلیف دلانے کے لیے ہے۔ جماعت اسلامی کے احتجاج کے نتیجے میں عوامی ریلیف کے حوالے سے متعدد اہداف حاصل کیے جاچکے ہیں اور پٹرولیم لیوی کے معاملے پر بھی پیش رفت جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو عالمی حالات، خطے میں جنگی صورت حال اور غیر یقینی صورتحال سمیت آئی ایم ایف پروگرام کے حوالے سے مشکلات کا سامنا ہے۔