مہنگائی کی صورتحال بدترین، اداروں میں کرپشن کا مقابلہ چل رہا ہے، عوام کے حقوق کے لیے مینارپاکستان، پشاور اور کراچی میں تاریخی جلسے ہوں گے۔ حافظ نعیم الرحمٰن
امیر جماعت اسلامی پاکستان کی ادارہ نور حق کراچی میں پریس کانفرنس

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ مہنگائی کی صورتحال بدترین ، مقامی حکومتوں کا وجود نہیں , صوبائی حکومتیں اختیارات پر ناگ بن کر قابض ہیں ، اداروں کے درمیان کرپشن کا مقابلہ چل رہا ہے ، عوامی مسائل کے حل کے لیے صرف جماعت اسلامی میدان عمل میں ہے، مینار پاکستان پر انتیس نومبر کو تاریخی جلسہ ہوگا اس کے بعد پشاور میں بارہ دسمبر اور کراچی میں بیس دسمبر کو بڑے جلسے ہوں گے۔ وہ ادارہ نورحق کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ امیر کراچی منعم ظفر ، نائب امیر کراچی مسلم پرویز ، جنرل سیکرٹری توفیق الدین صدیقی ،ممبر سندھ اسمبلی محمد فاروق اور سیکرٹری اطلاعات کراچی زاہد عسکری بھی اس موقع پر موجود تھی۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ غزہ میں بدترین انسانی المیہ جنم لے رہا ہے ، شدید سردی ہے، خیمے پھٹ گئے ہیں، اسرائیل دہشت گرد ریاست جسے امریکہ کی مکمل پشت پناہی حاصل ہے ۔ اسرائیل نے امن معاہدہ کی بھی خلاف ورزی کی، عالمی طاقتیں غزہ کے لوگوں کو انصاف دلانے میں ناکام ہوگئی ہیں۔ اسلامی ممالک اور بالخصوص پاکستان فلسطین اور بیت المقدس کی آزادی کے لیے عملی اقدامات اٹھائیں۔ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر خاموشی قابل قبول نہیں ،بھارتی مظالم رکوائے جائیں اور کشمیریوں کو حق خودارادیت ملنا چاہیے۔ آزاد کشمیر کے عوام سے بات چیت کے ذریعے مسائل کا حل نکالا جائے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ سندھ کو گزشتہ اٹھارہ برس میں وفاقی گرانٹس ، این ایف سی اور رائلٹی (Royalty ) کی مد میں چالیس ہزار ارب ملے ، جب کہ عالمی مالیاتی اداروں کی جانب سے سولہ سو ارب دیے گئے ، پیپلز پارٹی جواب دے اتنی خطیر رقم کہاں خرچ ہوئی؟ صوبہ میں کرپشن اور لوٹ مار کا بدترین دور چل رہا ہے، سیلاب کے بعد اعلان کیا گیا کہ اکیس لاکھ گھر تعمیر کیے جائیں گے، صوبائی حکومت دس لاکھ گھر تعمیر کرنے کے دعوے بھی کرتی ہے ، ہم سوال کرتے ہیں کہ یہ گھر کہاں تعمیر کیے گئے تو کہا جاتا ہے کہ گنتی کرلو۔

کراچی کو گزشتہ اٹھارہ برس میں چارہزار بتیس ارب ترقیاتی فنڈز کی مد میں ملے ، تاہم شہر میں انفراسٹرکچر (Infrastructure ) کا برا حال ہے، کوئی بڑا منصوبہ پایہ تکمیل کو نہیں پہنچا، کراچی کی آبادی کو کم ظاہر کیا گیا تاکہ شہر کو ملنے والے وسائل پر ڈنڈی ماری جائے، ایم کیو ایم نے اس ضمن میں سودے بازی کی، پی پی اور ایم کیو ایم کو کراچی سے فارم پنتالیس پر قومی و صوبائی اسمبلی کی ایک سیٹ بھی نہیں ملی ، میئر کی سیٹ پر پی پی کا قبضہ کرادیا گیا۔ جب لوگوں کو حقوق نہیں ملیں گے تو نئے صوبوں کے لیے آواز اٹھتی ہے ، اس کے جواب میں بلاول بھٹو زرداری خون کی ندیاں بہنے کی بات کرتے ہیں، کیا ایک سیاسی پارٹی کے سربراہ کو ایسی بات کرنا زیب دیتی ہے؟ انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی اصولی طور پر آئینی حدود کے اندر رہتے ہوئے نئے انتظامی یونٹس کی مخالف نہیں۔

حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ ملک بجلی ، گیس ، پٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں، بچوں کی تعلیم اور روزگار کی عدم دستیابی کے بڑے مسائل موجود ہیں، پٹرول کی قیمتوں میں کمی کے اثرات مارکیٹ تک منتقل نہیں ہورہے ہیں، جماعت اسلامی کے احتجاج کی وجہ سے عوام کو پٹرول پر ریلیف ملا ہے، حکومت ریلیف کا دائرہ کار بڑھانے پر راضی ہوئی ہے جس کا اعلان ایک دوروز تک متوقع ہے ،

تاہم اس کے باوجود صورتحال پریشان کن ہے، بلوچستان میں امن و امان کا بڑا مسئلہ ہے، خیبرپختونخواہ میں عوام کو آٹا دستیاب نہیں ، کراچی میں گندم چھ ہزار روپے من اور پنجاب میں ساڑھے پانچ ہزار روپے من تک پہنچ گئی ہے، پنجاب میں گنے کا کاشتکار پریشان ہے، اسے فصل کا مناسب ریٹ نہیں مل رہا، مریم نواز کی حکومت نے زراعت کو تباہ کردیا ہے، حکمران خاندان شوگر ملوں کے مالکان ہیں اور ان ملوں نے ابھی تک کرشنگ شروع نہیں کی۔ جماعت اسلامی ان تمام مسائل کے خلاف آواز بلند کررہی ہے، حقوق کی جدوجہد جاری رہے گی۔