لیوی کے خلاف کل لاہور میں جلسہ عام ہوگا، دوکروڑ افراد سے دستخظ لیں گے، مشاورت سے لانگ مارچ موخر کیا، کارکنوں اور مختلف طبقات نے فیصلہ کی تحسین کی، طویل دھرنوں میں شرکت پر خصوصی طور پر خواتین ، بزرگوں کی استقامت کو سراہتے ہیں

امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کہا ہے کہ کل جمعہ کو لاہور میں پٹرولیم لیوی کے خلاف جلسہ عام ہوگا، وزیراعظم کی وطن واپسی پر بات چیت میں عوام کو ریلیف نہ دیا گیا تو ملتان سے ہی اسلام آباد مارچ کا آغاز ہو جائے گا، لیوی کے خلاف دستخطی مہم کا آغاز کررہے ہیں ، دوکروڑ دستخط ہدف ہے۔  ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملک گیر اجتماع کارکنان سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجتماع سے قائمقام سیکریٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ نے بھی خطاب کیا۔

امیر جماعت اسلامی نے احتجاجی تحریک اور دھرنوں میں کارکنان اور خصوصی طور پر خواتین اور بزرگوں کی شرکت کی تحسین کی اور کہا کہ تحریک اسلامی کی جدوجہد کی اصل منزل اقامت دین ہے ، کارکنان عوام کو متحرک کرنے کے لیے محنت جاری رکھیں ، جماعت اسلامی کی قیادت نے مشاورت سے لانگ مارچ کو مؤخر کیا ، جسے تمام کارکنان نے سراہا ہے اور تجزیہ نگاروں ، کالم نگاروں اور معاشرے کے دیگر نمایاں افراد کی جانب سے اس عمل کی تحسین کی گئی ہے ، تاہم بعض عناصر کی جانب سے اس پر تنقید بھی ہورہی ہے، جماعت اسلامی تنقید سے گھبراتی نہیں ہے ، ہمارا کام استقامت سے عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھنا ہے۔ 

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ بدقسمتی سے ملک کے نام نہاد بڑی سیاسی جماعتیں عوامی مسائل پر آواز بلند نہیں کرتی ، اس کی بنیادی وجہ ان پارٹیوں میں مختلف مافیاز کا اثرورسوخ ہے ، مافیاز اور حکمران طبقہ ایک دوسرے کے مفادات کے تحفظ کے لیے سیاست کرتا ہے۔ جماعت اسلامی ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے جو عوامی مسائل پر جدوجہد کررہی ہے ، ہم نے آئی پی پیز کے خلاف بھرپور تحریک چلائی اور اس کے نتیجہ میں وہی حکمران جو کہتے تھے آئی پی پیز کمپنیاں عالمی عدالت میں چلی جائیں گی  بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں سے بات چیت پر مجبور ہوئے اور آخر کار اس عمل سے قومی خزانہ کو خود حکومت کے بقول ساڑھے چارہزار ارب کا فائدہ ہوا۔ جماعت اسلامی نے پٹرولیم لیوی کے خلاف پانچ سو دس مقامات کو بند کرکے منظم جدوجہد کا آغاز کیا، بیالیس شہروں میں ایک ماہ سے زیادہ عرصہ تک دھرنے دئیے، ٹرین مارچ کیا اور اب اپنی حکمت عملی سے اسلام آباد مارچ کو وزیراعظم کے ریلیف کے وعدہ پر کچھ دیر کے لیے روکا۔ اسلام آباد کی جانب دو مارچز جارہے تھے ، حکومت تصادم بھی کروا سکتی تھی۔ 

امیرجماعت اسلامی نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی کا دوٹوک مطالبہ لیوی کا خاتمہ ہے ، وزیراعظم کے نام نہاد ریلیف کو پہلے ہی مسترد کردیا ہے ، ہم حکومت کی جانب سے واضح ریلیف چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی جدوجہد سے ملک کے بچے بچے کی زبان پر پٹرولیم لیوی کا نام ہے، ہمارے دھرنوں کی وجہ سے یہ عوامی مسئلہ ہرروز میڈیا پر زیربحث ہے ، ملک کے بڑے صحافی اور تجزیہ نگار اسے بھتہ قرار دے رہے ہیں، یہ سب کارکنوں کی محنت اور استقامت کا اجر ہے، بانی جماعت اسلامی سید مودودی نے ہمیں اسی استقامت کا درس دیا ہے ، سید مودودی نے تحریک اسلامی کے اہداف کو واضح کردیا ہے ، جماعت اسلامی کا ہر قدم آگے کی جانب ہے اور ہم نظم جماعت کے پابند رہ کر مسلسل محنت سے وہ اہداف حاصل کریں گے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک پر مسلط طبقات نے عوام کو یرغمال بنا کررکھا ہے، چینی مافیا، شوگر مافیا، آٹا مافیا، آئی پی پیز مافیا، میڈیسن مافیا، جاگیردار ، وڈیرے ، اسٹیبلشمنٹ ، خاندانوں اور فردواحد پر مشتمل پارٹیاں اپنے مفادات کی اسیر ہیں، یہ اپنی شاہ خرچیاں کم نہیں کرتے ، سودی معیشت نے ملک کا بیڑہ غرق کردیا ہے ، کسان ، مزدور ، نوجوان ، طالب علم سب پریشان ہے، ہم پورے نظام اور اس کے رکھوالوں کے خلاف جدوجہد جاری رکھیں گے۔