پٹرولیم لیوی عوام کے حقوق پر ڈاکا ہے، حافظ نعیم الرحمٰن

امیر جماعت اسلامی کی زیر صدارت اجلاس ،خیبر پختونخوا کی صورت حال پر غور

1 منٹ
اسلام آباد: امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن خیبرپختونخواہ کی صورت حال پر اجلاس کی صدارت کررہے ہیں
اسلام آباد: امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن خیبرپختونخواہ کی صورت حال پر اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی زیرصدارت خیبر پختونخواہ میں گورنر راج ، بعض اضلاع میں ہنگامی صورتحال کے نفاذ اور صوبہ میں امن عامہ کی مجموعی صورتحال پر وفاقی دارالحکومت میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔ 

اجلاس میں نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و امیر کے پی جنوبی پروفیسر محمد ابراہیم خان، امیر کے پی  شمالی عنایت اللہ خان، امیر کے پی وسطی عبدالواسع اور امیر جماعت اسلامی ہزارہ عبدالرزاق عباسی ایڈووکیٹ  نے شرکت کی۔

اجلاس میں وفاق کی جانب سے اٹھائے جانے والے حالیہ اقدامات اور صوبہ کو طویل عرصہ سے درپیش امن عامہ کے  مسائل پر طویل غوروغوض ہوا اور اس تناظر میں  جماعت اسلامی کا آئندہ کا لائحہ عمل تشکیل دینے کے بارے میں بھی حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔ جماعت اسلامی کے پی کے رہنماؤں نے امیر جماعت اسلامی کو مجموعی صورتحال سے متعلق آگاہ کیا۔

امیر جماعت اسلامی نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی کے پی سمیت ملک بھر میں جمہوری اقدار کے تحفظ ، افغانستان سے تعلقات  اور کے پی میں قیام امن سے متعلق واضح اور دوٹوک موقف رکھتی ہے۔ جماعت اسلامی کا ملک کی تمام اکائیوں کے عوام کو حقوق اور یکساں مواقعوں کی فراہمی سے متعلق بھی موقف بہت واضح ہے۔ انہوں نے پٹرولیم لیوی کے خلاف جاری احتجاج کے بارے میں بات کرتے ہوئے قائدین جماعت اسلامی کو ہدایت کی کہ اس سلسلہ میں جاری دستخطی مہم کو مزید تیز کیا جائے اور احتجاج کے دوسرے مرحلے کی بھی بھرپور تیاری کی جائے۔ حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی عوام کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ ہم پٹرولیم لیوی کا مکمل خاتمہ چاہتے ہیں۔