حافظ نعیم الرحمن نے لانگ مارچ کی تیاریوں کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی، لیوی کے خاتمہ کے مطالبہ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن کی صدارت میں مرکزی نظم کا اجلاس

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے مرکزی نظم کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پٹرولیم لیوی کے خلاف وسط نومبر میں ہونے والے لانگ مارچ کی تیاریوں اور انتظامات کو مکمل کرنے کے لیے نائب امیر میاں محمد اسلم کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی ہے۔
اجلاس میں نائب امراء لیاقت بلوچ ، پروفیسر محمد ابراہیم ، میاں محمد اسلم ، ڈاکٹر عطا الرحمٰن، قائم مقام سیکرٹری جنرل نذیراحمد جنجوعہ ، ڈپٹی سیکرٹریز اظہر اقبال حسن ، سید وقاص جعفری، شیخ عثمان فاروق، سید فراست شاہ، خالد رحمٰن، رسل خان بابر، صوبائی امراء اور امیر کراچی، لاہور و اسلام آباد نے شرکت کی۔
حافظ نعیم الرحمن نے جماعت اسلامی کے رہنماؤں کو وزیراعظم شہباز شریف سے ہونے والی ملاقات کی تفصیلات سے متعلق آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ جماعت اسلامی کا مطالبہ واضح اور دوٹوک ہے ، ہم پٹرولیم لیوی کا خاتمہ چاہتے ہیں ، حکومت پر واضح کردیا ہے کہ اگر عوام کو ریلیف نہ دیا گیا تو نومبر کے وسط میں لانگ مارچ ہوگا، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے لیوی پر فیصلہ کے لیے سات سے دس روز کا وقت مانگا ہے، جماعت اسلامی حکومت سے مذاکرات بھی جاری رکھے گی اور لانگ مارچ کی تیاری بھی کی جائے گی، اس دوران لیوی کے خلاف دستخطی مہم بھی جاری رہے گی، لیوی کے خاتمہ کے مطالبہ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ 
امیر جماعت اسلامی نے لانگ مارچ کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کے لیے قائم کمیٹی کے سربراہ میاں محمد اسلم کو ہدایات دیں کہ وہ مارچ کی بھرپور تیاری کریں، عوام کے حق کے مطالبہ سے دستبردار نہیں ہوں گے، لیوی ناجائز ٹیکس اور غریبوں پر ظلم ہے، اسے ختم ہونا چاہیے۔