امیر جماعت اسلامی پاکستان کی پشاور سکول حادثہ پر گہرے دکھ کا اظہار، شہداء، متاثرین کے لیے دعا ، کارکنان کو امدادی سرگرمیوں میں شرکت کی ہدایت

حافظ نعیم الرحمن کا سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اظہار خیال

1 منٹ

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے پشاور میں نجی سکول کی چھت گرنے کے المناک حادثے میں بچوں، اساتذہ اور دیگر افراد کی شہادتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کی ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پشاور میں سکول کی چھت گرنے کے المناک حادثے میں  بچوں اور ایک خاتون ٹیچر سمیت پنتیس افراد کی شہادت پر دلی رنج و افسوس ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق بچوں کے والدین اور دیگر اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحت یابی نصیب کرے۔

امیر جماعت اسلامی نے حکومت اور ضلعی انتظامیہ پر زور دیا کہ زخمی بچوں کے فوری اور مفت علاج کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن کی مقامی قیادت کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر امدادی سرگرمیاں شروع کریں، جاں بحق اور زخمی بچوں کے اہل خانہ سے رابطہ کریں، ان کی ضروریات کا جائزہ لیں اور علاج معالجے سمیت ہر ممکن امداد اور تعاون فراہم کریں۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ متاثرہ خاندانوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور مشکل کی اس گھڑی میں انہیں تنہا نہ چھوڑا جائے۔