وزیراعظم نے لیوی ختم نہ کی تو مارچ کا آغاز ہوجائے گا، حکمران خود عیاشیاں کریں اور عوام کا خون نچوڑیں، یہ دورنگی نہیں چلے گی، پی پی ، ایم کیو ایم لوٹ مار میں ایک دوسرے کے ساتھی ہیں

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن کا حیدرآباد میں جلسہ عام سے خطاب

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ حکمران ریاستی وسائل پر عیاشیاں کریں اور عوام کا خون نچوڑا جائے ، یہ دورنگی مزید نہیں چلے گی ، وزیراعظم شہباز شریف پٹرولیم لیوی ختم کریں ورنہ اسلام آباد مارچ کا آغاز ہوجائے گا ، عوام قابو میں نہ رہے تو بات لیوی تک نہیں حکومت گرانے تک چلی جائے گی۔

حیدرآباد میں لیوی کے خلاف جاری دھرنا کے انتالیسویں روز جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ملک گیر جلسوں کا شیڈول دیا اور کارکنوں کو ہدایات جاری کیں کہ آئی پی پیز ، مہنگا آٹا ، لیوی اور مہنگائی کے خلاف جاری دستخطی مہم کو بھرپور طریقے سے جاری رکھیں۔ مرکزی ڈپٹی سیکریٹری ممتاز حسین سہتو، صوبائی امیر کاشف سعید شیخ، صوبائی جنرل سیکرٹری محمد یوسف،امیر ضلع حیدرآباد حافظ طاہر مجید و دیگر رہنماؤں نے بھی جلسہ سے خطاب کیا۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک پر اشرافیہ اور انگریز کے کاسہ لیسوں کا تسلط مزید قائم نہیں رہ سکتا، حکمران اپنے لیے گیارہ ارب کا جہاز اور اربوں کی گاڑیاں خریدتے ہیں اور عوام سے پٹرول کے ایک لٹر پر سوا سو کے قریب بھتہ وصول کیا جاتا ہے، آئی پی پیز کو اربوں روپے بجلی نہ بنانے پر بھی دیے جاتے ہیں، یہ مافیا اپنی آمدن پر انکم ٹیکس بھی نہیں دیتا ، بجلی چوری ہوتی ہے اور عوام سے بھاری بھر کم بل وصول کیے جاتے ہیں ، جاگیردار ٹیکس نہیں دیتے ، ملک پر مافیاز کا راج ہے جو بڑی بڑی سیاسی پارٹیوں کو مالی مدد فراہم کرتے ہیں ، مافیاز اور سیاسی پارٹیاں ایک دوسرے کے مفادات کا تحفظ کرتی ہیں ، عوام کے مسائل ان پارٹیوں کا ایجنڈا نہیں ، عوام کا مسئلہ صرف جماعت اسلامی کا مسئلہ ہے۔ جماعت اسلامی نے سیاست کا رخ تبدیل کردیا ہے ، آج ملک کے بچے بچے کو علم ہے کہ لیوی بھتہ کیا ہے، اس سے قبل قوم کو آئی پی پیز کے بارے میں سمجھایا، جماعت اسلامی کے کارکنوں نے طویل دھرنے دے کر تاریخ رقم کردی ، مختلف اضلاع کے کارکنان اور خصوصی طور حیدرآباد میں جاری دھرنا کے شرکاء کی استقامت وک سلام پیش کرتا ہوں ، خواتین نے جدوجہد میں بھرہور ساتھ دیا، قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ لیوی ختم نہ ہوئی تو جاری جدوجہد بھی نہیں رکے گی، اب وزیراعظم نے فیصلہ کرنا ہے ، وہ لیوی ختم کرنے کا اعلان کردیں تو جاری جلسوں کو اظہار تشکر کے جلسوں میں تبدیل کردیں گے ، اسلام آباد میں بھی اظہار تشکر کا جلسہ کریں گے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ سندھ پر اٹھارہ سال سے مسلط پیپلز پارٹی نے صوبے کا بیڑہ غرق کردیا ہے ، پی پی اور ایم کیو ایم لوٹ مار میں ایک دوسرے کے ساتھی ہیں، پنجاب میں شریف خاندان نے صوبہ میں تعلیم ، صحت اور زراعت کو تباہ کردیا ہے، سندھ میں تہتر لاکھ اور پنجاب میں سوا کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں ، سندھ کے بڑے شہر کچرے کے ڈھیروں میں تبدیل ہوگئے ہیں یہ کچرا پی پی کی ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے ، پی پی چند جاگیرداروں اور وڈیروں کی جماعت ہے ، سندھ کے عوام کو جماعت اسلامی کی ضرورت ہے جو ان کے مسائل حل کرسکے۔ انہوں نے کہا چاروں صوبوں کے عوام ظلم ، بدامنی اور مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں ، عوام کی مدد سے اس فرسودہ نظام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔