امیر جماعت اسلامی پاکستان نے صدر اے این پی کو دھرنوں میں شرکت کی دعوت دے دی

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے مرکزی صدر سینیٹر ایمل ولی خان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، بڑھتی ہوئی مہنگائی اور پٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کے جاری احتجاجی دھرنوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

گفتگو کے دوران حافظ نعیم الرحمٰن نے اے این پی کی قیادت کو احتجاجی دھرنوں میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی، جسے سینیٹر ایمل ولی خان نے قبول کر لیا۔

سینیٹر ایمل ولی خان نے جماعت اسلامی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مہنگائی اور پٹرولیم لیوی کسی ایک جماعت کا نہیں بلکہ پوری قوم کا مشترکہ مسئلہ ہے۔ عوام پہلے ہی شدید معاشی بحران کا شکار ہیں جبکہ موجودہ حکومتی پالیسیاں ان کی مشکلات میں مزید اضافے کا باعث بن رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اے این پی عوام کے معاشی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر جدوجہد میں اپنا فعال کردار ادا کرے گی۔ معاشی بدحالی اور ناہموار پالیسیوں کے خلاف تمام جمہوری اور سیاسی قوتوں کا متحد ہو کر مشترکہ آواز بلند کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ 

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکومت فوری طور پر پٹرولیم مصنوعات پر عائد بھاری ٹیکسز اور لیوی کا خاتمہ کرے تاکہ عوام کو درپیش معاشی مشکلات کا مداوا ہو سکے۔