ن لیگ، پی پی نے خیبرپختونخواہ میں گورنر راج لگا کر عوام دشمنی کی، کل منصورہ میں مشاورت ہوگی، لیوی ختم نہ ہوئی تو لانگ مارچ شروع کردیں گے۔

امیر جماعت اسلامی کا اوکاڑہ جلسہ سے خطاب

3 منٹ

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ن لیگ، پی پی نے مل کر عوام دشمنی کی ہے اور جمہوریت پر شپ خون مارا ہے، خیبر پختونخواہ میں گورنرراج کے فیصلہ کو فوری واپس لیا جائے۔ کل منصورہ میں مشاورت ہوگی ، لانگ مارچ سے متعلق اہم فیصلے کیے جائیں گے، وزیراعظم شہباز شریف نے پٹرولیم لیوی ختم نہ کی تو ملتان سے لانگ مارچ کا آغاز ہوجائے گا، ہمارے مطالبات واضح ہیں، فیصلہ حکومت کے ہاتھ میں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اوکاڑہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیرپنجاب وسطی جاوید قصوری ، جنرل سیکرٹری پنجاب وسطی بابر رشید ، امیر ضلع سلمان اظہر شیخ اور سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین ڈاکٹر حمیرا طارق نے بھی شرکاء سے خطاب کیا۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پی ڈی ایم کی حکومت کے خاص کمپوننٹ (Component ) ن لیگ ، پی پی نے کے پی میں گورنر راج اور ایمرجنسی لگا کر اپنے پاؤں پر کلہاڑی ماری ہے ، حکومت اگر سمجھتی ہے کہ اس سے مسئلہ حل ہوجائے گا تو ماضی گواہ ہے ایمرجنسیاں لگانے سے مسائل ختم نہیں ہوتے۔ مطالبہ کرتے ہیں یہ گورنر راج فوری طور پر ختم کرکے مذاکرات کی میز سجائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پی پی اور ن لیگ اسٹیبلشمنٹ کی گود میں پروان چڑھیں ۔یہ دونوں پارٹیاں جمہوریت کے نام پر کلنک کا ٹیکہ ہیں،  انہوں نے آج پھر کالک  اپنے چہرے پر مل لی ہے۔ پی پی نے مشرف سے این آر او لیا ، ماضی میں آصف زرداری نے ہنجاب میں گورنر راج لگایا۔ پی ڈی ایم نے خریدوفرخت کرکے رجیم تبدیل کیا۔تحریک انصاف کی حکومت ختم ہونے کے بعد پی ڈی ایم آئی ہھر پی ڈی ایم ٹو آئی ۔ پی پی نے کراچی کے مینڈیٹ کو روندا۔ مقتدرہ نے ایم کیو ایم کو بغیر جیتے کراچی میں پندرہ اور بلاول کو سات سیٹیں دیں۔ پی پی نے بلدیاتی انتخاب میں جماعت اسلامی کے مینڈیٹ کو چرا کر اپنا میئر بنایا۔ پی پی کا پاکستان توڑنے میں کردار ہے، ایوب خان سے لے کر بلوچستان میں فوجی آپریشن تک سب کو پی پی کی تاریخ کا علم ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ن لیگ چالیس سال سے پنجاب پر مسلط ہے، انہوں نے تعلیم ، صحت ، زراعت کو تباہ کردیا۔ گندم کسانوں سے تین ہزار من سے بھی کم قیمت پر خریدی گئی ، آج گندم ساڑھے پانچ ہزار من ہے ، آٹا ساڑھے چھ ہزار روپے من ہے، مریم نواز کی حکومت نے کسان اور عوام کو برباد کردیا ہے۔ خاندانوں کی حکومتوں اور انہیں لانے والوں نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا، آج کہا جاتا ہے کہ سسٹم نہیں چل رہا، سسٹم نہ چلنے والوں سے پوچھتا چاہتا ہوں یہ سسٹم کون لے کر آیا ہے؟

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ عوام کے مسائل پر پاکستان میں کوئی آواز نہ تھی، جماعت اسلامی نے عوام کے مسائل پر آواز بلند کی اور اسے مضبوط تحریک کے قالب میں ڈھال دیا۔ کارکنوں کی جدوجہد کا نتیجہ ہے کہ آج ملک کا بچہ بچہ سمجھ گیا ہے کہ لیوی بھتہ کا پٹرول کی قیمت سے کوئی تعلق نہیں ہے، بلکہ یہ حکمرانوں کا اپنی کرپشن اور نااہلی چھپانے کے لیے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی تحریک کے نتیجہ میں حکومت نے پٹرول پر ریلیف دیا لیکن یہ جزوی ریلیف ہے ، حکومت کو لیوی بھتہ مکمل طور پر ختم کرنا پڑے گا۔ ہمیں کہاجاتا ہے کہ آئی ایم کا دباؤ ہے، ان سے پوچھتا ہوں جب یہ اربوں کے جہاز خریدتے اور عیاشیاں کرتے ہیں تو آئی ایم ایف کا دباؤ نہیں ہوتا؟ انہوں نے کہا کہ لیوی سے قبل جماعت اسلامی نے آئی پی ہیز کے خلاف مہم چلائی اور اس مافیا کو بے نقاب کیا۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کل پیر کو منصورہ میں مشاورت ہوگی ، اگر حکومت لیوی ختم نہیں کرسکتی تو ہم احتجاج ختم نہیں کرسکتے۔ ہمارے پرامن احتجاج کو کمزوری نہ سمجھا جائے ،کارکن تیاری کریں ، دستخطی مہم جاری رکھیں اور کل کے فیصلوں کا انتظار کریں۔