بلوچستان کے عوام کو بااختیار بنایا جائے، وسائل پر حق تسلیم کیا جائے، حکومت پاک ایران گیس پائپ لائن مکمل کرے ، چمن تجارتی راہداری کھولی جائے، حافظ نعیم الرحمٰن
مینار پاکستان جلسہ میں پورا پنجاب اہل بلوچستان سے اظہار یکجہتی کرے گا، امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کوئٹہ جلسہ سے خطاب

امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکمران بلوچستان کے عوام کو بااختیار بلدیاتی نظام، روزگار ، تعلیم دیں اور وسائل پر ان کے حق کو تسلیم کریں تو لوگ پہاڑوں سے واپس آجائیں گے۔ صوبہ کے نوجوان حقوق کے حصول کے لیے جماعت اسلامی سے مل کر پرامن جمہوری و سیاسی مزاحمت کا راستہ اختیار کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صادق شہید گراؤنڈ میں “حق دو بلوچستان” کے عنوان سے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ سے امیر صوبہ و ممبر بلوچستان اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ، جنرل سیکرٹری مرتضیٰ خان کاکڑ ، نائب امیر شکیل روشن اور دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ مرکزی ڈپٹی سیکرٹری سید فراست شاہ، صوبائی نائب امراء زاہد اختر بلوچ، مولانا عبدالکبیرشاکر، ڈاکٹر عطاء الرحمن، امیر کوئٹہ حافظ نور علی، سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان شکیل احمد ترابی، سیکرٹری اطلاعات بلوچستان عبدالولی شاکر اور دیگر رہنما اس موقع پر موجود تھے۔ سلمان گِل کی قیادت میں اقلیتی برادری کی بڑی تعداد نے بھی جلسہ میں شرکت کی۔ امیر جماعت اسلامی نے صوبائی و ضلعی نظم کو مشکل حالات میں بھی کامیاب جلسہ کے انعقاد پر مبارکباد دی۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ملک پر اسی برسوں سے جاگیرداروں، وڈیروں، اسٹیبلشمنٹ اور خاندانوں پر مشتمل سیاسی پارٹیوں کا قبضہ ہے، اس ظالم اشرافیہ نے عوام کو ہمیشہ تقسیم کرنے کی سازشیں کیں تاہم یہ ان میں کامیاب نہیں ہوئے، لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کی احتجاجی تحریک میں بلوچستان کے عوام نے پورے جوش و جذبہ سے حصہ ڈالا، پنجاب کے عوام بلوچستان کے ساتھ ہیں، انتیس نومبر کو مینار پاکستان کے تاریخی جلسہ میں پورا پنجاب اہل بلوچستان سے اظہار یکجہتی کرے گا۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ وفاقی حکومت پاک ایران گیس پائپ لائن مکمل کرے، مقامی گیس کی دریافت کے عمل میں تیزی لائی جائے اور ورچوئل پائپ لائن (Virtual Pipeline ) کے ذریعے گیس صوبہ کے تمام علاقوں میں پہنچائی جائے۔ چمن سے سرحدی تجارت کھولی جائے اور ایران سے باضابطہ تجارت کو فروغ دیا جائے۔ وفاقی و صوبائی حکومتیں نوجوانوں کو تعلیم و روزگار دیں، انہیں آئی ٹی کے ہنر کی تربیت دی جائے اور اپنے کاروبار کے آغاز کے لیے چھوٹے قرضے دیے جائیں۔ صوبہ سے معدنیات نکال کر دور علاقوں میں فیکٹریاں کیوں بنائی جاتی ہیں، بلوچستان کے وسائل پر سب سے پہلا حق صوبہ کے عوام کا ہے۔

انہوں نے سوال کیا کہ بلوچستان کے پچاس فیصد بچے سکول کیوں نہیں جاتے؟ مقتدرہ سرداروں اور لٹیروں کو ہی مسند اقتدار پر کیوں بٹھاتی ہے؟ عوام کی رائے کا احترام کرنا پڑے گا، عوام جنہیں ووٹ دے اقتدار انہی کو ملنا چاہیے، نتائج میں تبدیلی نہ ہو۔ ہارے ہوئے لوگ فارم سنتالیس سے اسمبلیوں میں پہنچ گئے، کراچی میں قبضہ میئر بٹھا دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے انتظامی یونٹس کا قیام کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہے، جماعت اسلامی آئینی طریقہ کار کو اپنا کر نئے یونٹس کی مخالف نہیں تاہم اصل مسئلہ یہ ہے کہ عوام کو بااختیار بلدیاتی نظام کیوں نہیں دیا جاتا؟ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں امن کا قیام اہم ترین ضرورت ہے، عوام کو زندہ رہنے کا بنیادی حق فراہم فراہم کرنا پڑے گا۔ صوبہ میں بھتہ خوری ختم کی جائے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اگر جماعت اسلامی اور الخدمت محدود وسائل کے باوجود لاکھوں بچوں کو آئی ٹی کی مفت تربیت فراہم کرسکتی ہے تو حکومتیں یہ کام کیوں نہیں کرتیں؟ عوام جان لیں کہ جب تک متحد ہوکر ملک پر مسلط قبضہ مافیا کو گھر نہیں بھیجا جائے گا ، پاکستان آگے نہیں بڑھ سکتا، جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے لیے میدان عمل میں موجود ہے ، نوجوان ہمارا ساتھ دیں ، ہم نے لیوی کے خلاف ملک گیر تحریک چلا کر حکومت کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنے پر مجبور کیا۔ مافیا سے جان چھڑانا ہوگی ، ان کا کہنا تھا کہ ہرگزرتے دن کے ساتھ بلوچستان سمیت پورے ملک میں جماعت اسلامی کی پزیرائی میں اضافہ ہورہا ہے، عوام کے حقوق کی جدوجہد جاری رہے گی۔

مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ صوبہ کا نوجوان پرامن سیاسی جمہوری جدوجہد کا راستہ اپنائے ، سردار صوبہ کی ترقی میں بڑی رکاوٹ ہیں، اسٹیبلشمنٹ سرداروں کی سرپرستی ترک کرے اور عوام کی رائے کا احترام کیا جائے۔ انہوں نے کہا بلوچستان کے پہاڑ ، میدان ، صحرا، مارکیٹیں ، بازار عوام کی ملکیت ہیں ، نوجوان پہاڑوں سے واپس آئیں اور جماعت اسلامی کے ساتھ مل کر اپنے حق کی جدوجہد کریں ، ہم انہیں کبھی مایوس نہیں کریں گے۔