لیوی ختم نہیں کرنی تو وزیراعظم سے ملاقات کا کوئی فائدہ نہیں، مہنگائی سے عوام کا برا حال، پنجاب کو ن لیگ ، سندھ کو پیپلز پارٹی نے تباہ کردیا ، حافظ نعیم الرحمٰن
امیر جماعت اسلامی کی کراچی میں صحافیوں سے گفتگو

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پٹرولیم لیوی بھتہ ختم نہیں کرنا تو وزیراعظم سے ملاقات کا کوئی شوق نہیں ، لیوی کے خلاف تحریک کے تیسرے مرحلے کا آغاز ہوگیا، اسلام آباد لانگ مارچ کی تیاری کررہے ہیں۔
نیو کراچی میں شیخ سعدی سکول کی افتتاحی تقریب کے موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے ٹاؤن ناظمین پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت اور کراچی کے قبضہ میئر کی جانب سے ترقیاتی فنڈز اور وسائل فراہم نہ کرنے کے باوجود اپنے تئیں عوام کو سہولیات کی فراہمی کی بھرپور کوشش کررہے ہیں، شیخ سعدی سکول اس کی ایک مثال ہے۔ سندھ کے جنرل سیکرٹری اور مقامی ٹاؤن کے چیئرمین محمد یوسف بھی اس موقع پر موجود تھے۔ 
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ وفاقی وزراء نے نائب امیر لیاقت بلوچ سے رابطہ کیا ہے اور وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے لیے بات چیت بھی چل رہی ہے ، تاہم اگر حکومت کی جانب سے ایک لیٹر پٹرول پر اسی روپے روپے کی ناجائز لیوی ، پانچ روپے کلائیمیٹ سپورٹ لیوی (Climate Support Levy) اور دیگر ٹیکسز ختم نہیں کیے جاتے تو ملاقات کا کوئی فائدہ نہیں، پھر بات سڑکوں پر ہوگی ، جماعت اسلامی کسی ذاتی فائدے کے لیے نہیں ، عوام کے لیے جدوجہد کررہی ہے ، ہمارے مارچ کو روکنا کسی کے بس کی بات نہیں ہوگی ، پورے ملک سے قافلے اسلام آباد پنچیں گے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ مہنگائی سے عوام کا برا حال ہے ، قوم سے لیوی کے نام پر غنڈہ ٹیکس وصول کیا جارہا ہے، آئی پی پیز مافیا کو بجلی نہ بنانے پر بھی اربوں روپے دئیے جارہے ہیں ، کراچی میں بیس کلو آٹا دو ہزار روپے میں فروخت ہورہا ہے، حکومت کہہ رہی ہے کہ گندم درآمد کریں گے، پاکستان جیسے زرعی ملک میں گندم درآمد کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے، پہلے زرعی اجناس برآمد پھر درآمد کرکے پیسا بنایا جاتا ہے، زراعت کو تباہ کردیا گیا، زراعت کی تباہی میں سب سے بڑا ہاتھ ن لیگ کی پنجاب حکومت کا ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ سندھ پر پیپلز پارٹی کا گزشتہ اٹھارہ برسوں سے قبضہ ہے، یہ کراچی کو تباہ کررہے ہیں اور لوٹ رہے ہیں، سندھ میں ہزاروں سکول اور ہسپتال ہیں ، بلاول بھٹو کسی ایک سکول یا ہسپتال کا نام بتائیں جہاں وہ اپنے خاندان کے لوگوں کو تعلیم یا علاج کے لیے بھیج سکیں۔ سندھ کی زمینوں پر قبضہ کیا جارہا ہے ، کراچی میں لینڈ مافیا (Land Mafiz) کا راج ہے ، عوام کو بنیادی سہولیات دستیاب نہیں ، جماعت اسلامی کے ٹاؤن ناظمین کو اختیارات منتقل نہیں کیے جاتے ، ایسی صورتحال میں جماعت اسلامی عوام کے لیے آواز اٹھا رہی ہے، آج پورے ملک میں لیوی کے خلاف احتجاج ہوگا ، اس کے بعد لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کریں گے۔ 