مولانا فضل الرحمن کی نظربندی قابل مذمت ، لاہور بار سے خطاب روکنا غیر جمہوری اقدام ہے، حافظ نعیم الرحمٰن

ماضی میں مل کر سیاسی جدوجہد کرنے والی پارٹیاں آج دست و گریبان ہیں، امیر جماعت اسلامی پاکستان

1 منٹ

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی نظربندی اور ان کی نقل و حرکت محدود کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں ہائی کورٹ بار سے خطاب سے روکنا غیر جمہوری اقدام ہے۔

کراچی سے جاری بیان میں حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے مولانا فضل الرحمن کی نقل و حرکت محدود کرنا جمہوری رویوں اور سیاسی رواداری کی کھلی نفی ہے۔ کسی بھی سیاسی جماعت کے سربراہ کو گھر تک محدود کرنا اور اس کی نقل و حرکت پر پابندیاں عائد کرنا آئینی اور بنیادی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، لیکن کسی قومی سیاسی رہنما کو اس طرح پابند کرنا جمہوری روایات کے منافی ہے۔ حکومتی ہتھکنڈوں اور رکاوٹوں کے ذریعے سیاسی سرگرمیوں کو نہیں روکا جا سکتا، جبکہ اس نوعیت کی غیر قانونی پابندیاں ملک میں سیاسی عدم استحکام کو مزید بڑھائیں گی۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ یہ امر بھی حیران کن اور نامناسب ہے کہ ماضی میں مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں مل کر سیاسی جدوجہد کرنے والی جماعتیں آج ایک دوسرے کے خلاف ایسے اقدامات کر رہی ہیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کل تک جمہوریت اور آئین کی بالادستی کے نام پر اکٹھی ہونے والی سیاسی جماعتیں آج باہم دست و گریباں ہیں، جو سیاسی اخلاقیات اور جمہوری روایات کے منافی ہے۔ سابقہ حکومت کے خاتمے کے لیے متحد ہو کر جدوجہد کرنے والی جماعتوں کا آج خود غیر جمہوری طرز عمل اختیار کرنا افسوسناک ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ سیاسی اختلافات کو سیاسی مکالمے اور جمہوری طریقے سے حل کیا جانا چاہیے، نہ کہ پابندیوں اور رکاوٹوں کے ذریعے سیاسی قیادت اور سرگرمیوں کو محدود کیا جائے۔