حافظ نعیم الرحمن کا انتیس نومبر کو مینار پاکستان پر تاریخی جلسہ عام کا اعلان ،
کوئٹہ میں بائیس نومبر کو جلسہ ہوگا، پشاور اور کراچی میں بڑے جلسے کریں گے، امیر جماعت اسلامی پاکستان کی پریس کانفرنس

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے مہنگائی ، کسانوں کے مسائل اور بلدیاتی انتخابات نہ کرائے جانے کے خلاف عوامی بیداری مہم کے تحت مینار پاکستان لاہور، کوئٹہ ، پشاور اور کراچی میں بڑے عوامی جلسوں کا اعلان کیا ہے۔
منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں بائیس نومبر اور مینار پاکستان پر انتیس نومبر کو تاریخی جلسے ہوں گے، اس کے بعد پشاور اور کراچی میں عوامی جلسوں کا انعقاد ہوگا۔ قائم مقام سیکرٹری جنرل نذیراحمد جنجوعہ ، ڈپٹی سیکرٹریز وقاص انجم جعفری ، امیر پنجاب وسطی جاوید قصوری اور امیر لاہور ضیا الدین انصاری بھی اس موقع پر موجود تھے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پٹرولیم لیوی پر حکومتی اور جماعت اسلامی کی مشترکہ ٹیکنیکل ٹیم نے معاہدہ تیار کرلیا ہے ، حکومت معاہدہ کا حتمی جائزہ لے گی جس کے بعد عوام کو ریلیف کا اعلان کیا جائے گا، حکومت نے جماعت اسلامی کے احتجاج کے نتیجہ میں پٹرول کی قیمتوں میں جاری بے تحاشا اضافہ کو روکا ہے ، اسی طرح موٹر سائیکل اور ہزار سی سی سی سے کم گاڑیوں کے مالکان کو ریلیف بھی دیا گیا ، یہ ہمارے احتجاج کا نتیجہ ہے کہ عوام میں لیوی کے خلاف بڑی بیداری پیدا ہوئی ہے۔

حکومت کو کہا ہے کہ ریلیف کے موجودہ دائرہ کار کو وسعت دے کر اس میں تیرہ سو سی گاڑیاں ، زراعی مشینری میں ڈیزل کے استعمال اور عوامی ٹرانسپورٹ کو بھی شامل کیا جائے ، لیوی کے خاتمہ کے مطالبہ سے دستبردار نہیں ہوئے ، حکومت بجٹ تک مہلت طلب کررہی ہے، حتمی معاہدہ کے بعد آئندہ کی صورتحال سے متعلق فیصلہ کریں گے ، احتجاج کے دائرہ کار کو مزید بڑھا دیا ہے ، اس میں مہنگی گیس ، ایل پی جی ، بلدیاتی انتخابات نہ کرائے جانے اور زراعت اور کسانوں کے مسائل کو بھی شامل کررہے ہیں ، جماعت اسلامی کے علاوہ کوئی بھی سیاسی پارٹی عوامی مسائل پر بات نہیں کررہی، عوام کے حقوق کے حصول کے لیے پرامن جدوجہد جاری رہے گی ، سیاسی پارٹی کا کام ڈنڈے اٹھانا نہیں ہوتا ، ہماری تحریک منظم اور پرامن ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اس وقت ایل پی جی کی فی کلو قیمت پانچ سو روپے سے بھی تجاوز کرچکی ہے، آئل ریفائینریز پٹرولیم مصنوعات پر بے پناہ منافع سمیٹ رہی ہیں ، بجلی اور گیس مہنگی ہے، مریم نواز کی حکومت نے زراعت اور چھوٹے کسان کو تباہ کردیا ہے، ڈی اے پی بوری کی قیمت سترہ ہزار سے تجاوز کرچکی ، یوریا مارکیٹ میں دستیاب نہیں، آٹا آٹھ ہزار من تک چلا گیا، گندم کسان سے پنتیس سو روپے من سے بھی کم قیمت پر خریدی گئی ، اب یہ ساڑھے پانچ ہزار من تک چلی گئی ہے، ملک میں گزشتہ دس برسوں میں کپاس کے قابل کاشت رقبہ میں ساٹھ فیصد کمی ہوئی ہے ، کپاس کے علاقوں میں گنا کاشت ہورہا ہے، کسانوں کو گنے کی بھی مناسب قیمت نہیں مل رہی ، آثار نظر نہیں آرہے کہ شوگر ملیں مقررہ تاریخ پندرہ نومبر تک کرشنگ (Crushing) شروع کریں گی، چند سیاسی خاندان ملک کی پچھتر فیصد کے قریب شوگر ملوں کے مالکان ہیں، مسائل پیدا کرکے حکومتوں میں شامل مختلف مافیاز فائدہ اٹھاتے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ملک میں بلدیاتی انتخابات نہ کرائے جانے اور پنجاب کے بلدیاتی ایکٹ میں تبدیلی کے لیے عدالت کا درواز کھٹکھٹایا ہے ، پنجاب کا موجودہ بلدیاتی قانون جمہوریت دشمن ہے ، اسے مسترد کیا ہے ، ایکٹ میں تبدیلی کرکے بروقت بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پچیس کروڑ عوام کی ترجمانی کررہی ہے ، عالمی مارکیٹ میں جاری پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور آئل ریفائینریز کے ناجائز منافع کو روک کر حکومت ہرصورت عوام کو ریلیف دیا جائے، حکمران اپنی اور افسر شاہی کی مراعات اور عیاشیوں پر قابو پائیں۔
