جماعت اسلامی اور حکومتی تکنیکی کمیٹیوں کی سطح کے مذاکرات مکمل ہو گئے، حتمی ریلیف پیکیج کا اعلان 24 یا 25 نومبر کو وزیر اعظم اور حافظ نعیم الرحمٰن کی ملاقات میں کیا جائے گا، لیاقت بلوچ

جماعت اسلامی عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی، نائب امیر جماعت اسلامی کی اسلام آباد میں پریس کانفرنس

3 منٹ

نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ  نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اور حکومت کے تکنیکی کمیٹیوں کی سطح کے مذاکرات مکمل ہو گئے ہیں، حتمی ریلیف پیکیج کا اعلان 24 یا 25 نومبر کو وزیر اعظم اور حافظ نعیم الرحمٰن کی ملاقات میں کیا جائے گا، جماعت اسلامی کی مسلسل جدوجہد رنگ لا رہی ہے، عوام کو ریلیف مل رہا ہے، جماعت اسلامی عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

جمعرات کو اسلام آباد میں جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے مذاکراتی کمیٹی کے ممبران  سید فراست شاہ، ضیاء الدین انصاری، عنایت اللہ خان ودیگر  کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اور حکومت کے تکنیکی کمیٹیوں کی سطح کے مذاکرات مکمل ہو گئے ہیں۔ حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان تجاویز کے ڈرافٹس کا کام اور کمیٹیوں کی سطح کا مذاکرات کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔ جو معاہدے کا ڈرافٹ اسحاق ڈار اور دیگر حکومتی کمیٹی کو دیا تھا، آج اس پر حتمی موقف سے آگاہ کیا گیا، انہوں نے کہا کہ ہم نے حکومت کو آگاہ کیا کہ ہمارا مسلسل احتجاج پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف تھا۔ ہمارا مطالبہ یہی تھا کہ حکومت قیمتوں کو کنٹرول کرے۔ جماعت اسلامی کی جدوجہد سے پیٹرول پر 146 روپے فی لٹر ریلیف ملا ہے، ڈیزل پر بھی عوام کو دو سو سے زائد روپے کا ریلیف ملا ہے۔ 

لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی کو بتایا گیا ہے کہ ایل این جی پر بہت سے حکم امتناعی تھے جو ختم کرائے ہیں۔ اسحاق ڈار نے بتایا کہ ایل این جی کے بڑے جہاز پہنچ گئے ہیں، جس سے گیس سستی ہوگی۔ ایک کارگو پہنچ گیا ہے دوسرا کل پہنچ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایل پی جی بحران سراسر حکومت کی نااہلی ہے، خطرات سروں پر منڈلا رہے تھے لیکن بروقت اقدامات نہیں کیے گئے ،حکومت کا کہنا ہے کہ ہم نے ایل این جی اور ایل پی جی کے اقدامات کر لیے ہیں۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ ہم نے حکومت کو بتایا ہے کہ آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں کا معاملہ بہت سست جا رہا ہے۔ سود کے خاتمے پر بھی ہم نے بات کی ہے، حالیہ آئینی ترمیم میں بھی سود کے خاتمے کا وعدہ کیا گیا ہے، حکومت نے سود پر ابھی تک کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے خلاف بھی ہم نے حکومت سے بات کی ہے، گورنر راج کے باوجود بدامنی کم نہیں ہوئی بلکہ بڑھی ہے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت نے پیٹرولیم لیوی کے خاتمے پر ہمارے مطالبے پر اپنی مجبوریاں بھی بتائیں، حکومت نے آئی ایم ایف کی طرف سے مجبوریاں بھی بتائی ہیں۔ لیوی کی مد میں 16.36 روپے فی لٹر ریلیف دیا گیا ہے، لیوی کے حوالے سے مزید کمی کے لیے پلان تیار کر لیا گیا ہے۔ پیٹرولیم لیوی کو اس کی اصل سطح پر لانے کے لیے بجٹ سے پہلے پہلے معاملہ طے کیا جائے گا۔ پیٹرولیم لیوی بھتہ اور دادا گیری ہے، حکومت کے پاس اس سے زیادہ محصولات جمع کرنے کے راستے موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایک جامع ریلیف پیکیج تیار کر لیا ہے۔ وزیراعظم ریلیف پروگرام میں توسیع کی جائے گی۔ وزیراعظم ریلیف پروگرام میں ایک ہزار سی سی گاڑی کو بھی شامل کیا جائے گا۔ ساڑھے بارہ ایکڑ کی زمین والے کو ٹریکٹر میں تیل پر ریلیف ملے گا۔ پاکستان اور باہر کے تیل پر الگ الگ ریٹس لاگو ہوں گے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ بی آئی ایس پی صوبوں کے حوالے کر دیا جائے، سرکاری سطح پر 1300 سی سی گاڑی کے استعمال کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 24 یا 25 نومبر کو وزیراعظم شہباز شریف اور امیر جماعت اسلامی کے درمیان ملاقات ہوگی، وزیراعظم اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ریلیف کا حتمی پیکیج کا اعلان کیا جائے گا۔ وزیراعظم اور حافظ نعیم الرحمان میں قیمتوں میں کمی کے لیے چیزیں حتمی طور پر طے کر لی جائیں گی۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی کی مسلسل جدوجہد رنگ لا رہی ہے، عوام کو ریلیف مل رہا ہے، جماعت اسلامی عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی، ہم عوام کے ساتھ عوام کے درمیان جاری رہیں گے۔