دینی و دنیاوی تعلیم کی تقسیم سے معاشرہ تقسیم ہورہاہے، پاکستان میں دینی مدارس کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا، حافظ نعیم الرحمٰن

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ دینی و دنیاوی تعلیم کی تقسیم سے معاشرہ تقسیم ہورہاہے، پاکستان میں دینی مدارس کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا، علما کو بھی مدارس کی اجارہ داری کی سوچ سے نکل کر ایک قوم کی سوچ اپنانا ہوگی۔
جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان کے زیر اہتمام "بدلتی دنیا میں مدارس کا کردار" کے عنوان سے سیمینار منعقد ہوا، جس سے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیمینار کے انعقاد پر جمعیت طلبا عربیہ قابل مبارکباد ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان میں دینی مدارس کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا، دینی مدارس کو نظر انداز کرنا درست نہیں، دین کی تعلیم میں مدارس کا اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا نظام تعلیم ایسا نہیں جو لوگوں کو دین سے جوڑ سکے۔ علما کرام کی بڑی تعداد خدمات سرانجام دیتی رہی، مگر پاکستان میں تعلیم کا نظام قائم نہیں کیا جا سکا۔ دنیاوی اور دینی تعلیم کی تقسیم کرنا ہی درست نہیں، مذہبی اور دنیاوی لوگوں کو الگ الگ کرنا معاشرے میں تقسیم پیدا کرتا ہے۔ پاکستان میں علما نے دفاعی پوزیشن اختیار کی۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ایسا نظام تعلیم ہو جس میں تمام طلبا برابری کی سطح پر ہوں۔ ملک میں خواندگی کی شرح بہت کم ہے، ہم دنیاوی تعلیم کے بھی کسی شعبے میں آگے نہیں بڑھے، جبکہ مدارس نے ملک میں خواندگی بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مدارس کے مسائل کے حل کے لیے مدارس کے بورڈز کو کردار ادا کرنا ہوگا، مدارس کی اسناد کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جانا چاہیے۔ مدارس میں طلبا کو دنیاوی مضامین بھی پڑھائے جانے چاہئیں، مدارس کو اپ گریڈ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ بدقسمتی سے دین کو ایک دائرے میں محدود کرنے کی سوچ آگے بڑھ گئی۔ دنیا میں آنے والی تبدیلیوں کو بھی مدارس میں زیر تحقیق لایا جانا چاہیے۔ سیکولرازم جبہ و دستار والے میں بھی ہو سکتا ہے۔ بعض لوگ بظاہر تو مذہبی ہوتے ہیں لیکن سیاست بے دین لوگوں سے بھی بدتر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے معاملات کا ادراک کرنا بہت ضروری ہے، ہمارے دینی مدارس کے نصاب پر بھی نظر ثانی کی ضرورت ہے، اگر ایسا نہیں کریں گے تو معاشرہ مزید تقسیم ہوتا چلا جائے گا۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ آپ کا سب سے بڑا کام یہ ہے کہ آپ مسلک پسند نہیں ہیں، اختلاف رائے کی موجودگی میں جڑے رہنا ہی اصل دین ہے، فقہ کے معاملات جمود اور سکوت میں طے نہیں کیے جاتے۔ سب کو ساتھ لے کر نہ چل سکنے والی جماعت اتحاد امت کی داعی نہیں بن سکتی ہمیں اتحاد اُمت کے لئے کوششیں تیز کرکے دشمن کے عزائم ناکام بنانے ہوں گے۔