مسائل کا حل صرف اسلامی نظام کے قیام میں ہے، ڈاکٹر عطا الرحمٰن
گورنر راج کا نفاذ غلط اقدام ہے، نائب امیر جماعت اسلامی پاکستاان کا ختم القرآن تقریب سے خطاب

جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر مولانا ڈاکٹر عطاء الرحمان نے کہا ہے کہ مسائل کا حل صرف اسلامی نظام کے قیام میں ہے۔ رجسٹریشن کے نام پر دینی مدارس کو تنگ کیا جا رہا ہے۔ گورنر راج کا نفاذ غلط اقدام ہے۔ پوری دنیا میں پاکستان کا نام علما اور حفاظ نے روشن کیا ہے، حکمرانوں نے نظام تعلیم کا حلیہ بگاڑ دیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکریٹری سہیل احمد بابر کے فرزند خبیب احمد اور وقار احمد کے فرزند فہد احمد کی ختم القرآن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا وسطی کے صوبائی امیر عبدالواسع، جنرل سیکریٹری صابر حسین اعوان، شیخ القرآن مولانا صفی اللہ، سٹی ڈسٹرکٹ مردان کے امیر مشتاق سیماب اور دیگر علما نے بھی خطاب کیا۔

مولانا ڈاکٹر عطاء الرحمان نے کہا کہ حکومت یکساں نظام تعلیم نافذ کرے۔ مدارس اور سکولز کالجز یونیورسٹیز میں پڑھنے والے سب پاکستانی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کریم تفرقہ بازی سے روکتا ہے ہماری جدوجہد کا واحد مقصد قرآنی نظام کا نفاذ ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام برادریوں اور مسلکی اختلافات کا شکار ہیں۔ علما ان کی درست رہنمائی کر کے اتفاق و اتحاد کا مظاہرہ کریں۔ سیکولر قوتوں کا راستہ روکنے اور ان کا مقابلہ کرنے کے لیے متحد ہونا ہوگا۔

مقررین نے کہا کہ جماعت اسلامی مطالبہ کرتی ہے کہ مدارس کو بے جا تنگ کرنے کی بجائے ان کی سپورٹ کی جائے۔ جماعت اسلامی کے کارکنان مدارس اور کالجز میں قرآن کے دروس کا اہتمام کرتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ آج ان کے اپنے بیٹوں نے قرآن مجید کا حفظ کرکے اپنے خاندان کا نام روشن کیا۔تقریب کے اختتام پر مقررین نے بچوں کی دستار بندی کی اور انہیں اسناد سے نوازا۔