حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق قوم کو دھوکہ دے رہی ہے، لیوی ختم نہ ہوئی تو لاکھوں لوگ اسلام آباد کا گھیراؤ کریں گے
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن کا بونیر میں جلسہ عام سے خطاب

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق قوم کو دھوکہ دیا، عوام سے غنڈہ ٹیکس وصول کیا جارہا ہے ، وزیراعظم کا نام نہاد ریلیف پیکج (Relief Package ) ناکافی ہے ، وہ لیوی بھتہ ختم کریں ورنہ لاکھوں لوگ اسلام آباد کا گھیراؤ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بونیر میں بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ عام سے امیر کے پی شمالی عنایت اللہ خان، صوبائی جنرل سیکرٹری حلیم باچہ، امیر ضلع انجینئر ناصر علی اور سابق سپیکر صوبائی اسمبلی بخت جہاں نے بھی شرکاء جلسہ سے خطاب کیا۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکمرانوں نے آئی ایم ایف کی غلامی کا طوق گلے میں پہنا ہوا ہے، یہ آئی ایم ایف کا کہہ کر غریبوں کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالتے ہیں اور اپنی شاہ خرچیاں کم نہیں کرتے، آئی ایم ایف نے کبھی نہیں کہا کہ عوام سے لیوی وصول کرو۔ انہوں نے کہا کہ ہم سیاسی عمل اور مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں، تاہم جماعت اسلامی نے حکومت سے مذاکرات کے کئی ادوار میں سب کچھ واضح کردیا ہے۔ اب حکومت کو ملی ہوئی مہلت ختم ہورہی ہے ، وزیراعظم ملاقات کریں نہ کریں لیوی ختم کریں ، اگر ایسا نہ ہوا تو لوگ اسلام آباد کے لیے نکل پڑیں گے، ہمارا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں ہم عوام کے حق کے لیے جدوجہد کررہے ہیں۔ جب اسلام آباد جائیں گے تو حکمرانوں کو جھکنا پڑے گا، ہم اسلام آباد میں طویل دھرنا اور لمبی جدوجہد کے لیے تیار ہیں ۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی کی جدوجہد کسی سیاسی لیڈر، خاندان کے لیے نہیں پچیس کروڑ عوام کے حقوق کے لیے ہے۔ جماعت اسلامی کی احتجاجی تحریک نے ملک میں سیاست کا رخ تبدیل کردیا ہے۔ عوام کے مسائل کبھی سیاسی جماعتوں کا مسئلہ نہیں رہا ، لیکن اب انہیں عوام کو جواب دہ ہونا پڑے گا۔ کسی کو سیاست کرنی ہے تو اسے عوام کی آواز بننا اور مافیا سے لڑنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں چینی مافیا، آٹا مافیا، پٹرول مافیا، لینڈمافیا ، جاگیرداروں ، وڈیروں کا راج ہے ، یہ مافیاز ہر مارشل لاء ، نام نہاد جمہوری حکومتوں کا حصہ ہوتے ہیں۔ تبدیلی اور انقلاب کے نعرے لگانے والوں کے اردگرد بھی مافیاز موجود ہیں۔ عوام اب نام نہاد بڑی سیاسی پارٹیوں اور مافیاز کے گٹھ جوڑ کو سمجھ چکے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکمران ریفائنریز کو اربوں ادا کرتے ہیں اور عوام کو لوٹتے ہیں۔ لیوی کا پٹرول کی اصل قیمت سے کوئی تعلق نہیں، حکمران بتائیں کہ وہ عوام سے ہر لٹر پٹرول پر اسی روپے لیوی اور پانچ روپے کلائمیٹ سپورٹ لیوی (Climate Support Levy) کس مد میں لے رہے ہیں، اربوں وصول کرنے کے باوجود حکومت نے ریفائنریز کی حالت کو بہتر کیا اور نہ ہی ماحولیاتی تحفظ کے لیے کوئی قدم اٹھایا۔ حکومت اس لیے عوام کو لوٹ رہی ہے کیوں کہ ٹیکس جمع کرنے والا ادارہ ایف بی آر اپنی ذمہ داری ادا نہیں کررہا ، ایف بی آر میں سالانہ تیرہ سو ارب کی کرپشن ہورہی ہے ، حکمران اپنی عیاشیاں ختم نہیں کرتے ، جہاز اور بلٹ پروف گاڑیاں خریدی جارہی ہیں۔ انہوں نے سود کا عذاب قوم پر مسلط کررکھا ہے۔ یہ مافیائی نظام ہے، جماعت اسلامی کی جنگ اس نظام کے خلاف ہے ۔امیر جماعت اسلامی نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی کسی سیاسی پارٹی سے نہیں بلکہ عوام سے اتحاد کرے گی ، ہمارا جینا مرنا عوام کے لیے ہے ۔