نئے صوبوں پر خون بہنے کی باتیں کرنے والے بلاول پی پی کے کردار کا جائزہ لیں، پی پی کراچی کے فارم 45 لے کر آئے، زرداری کے دستخط سے کے پی میں گورنر راج لگا، حافظ نعیم الرحمٰن
امیرجماعت اسلامی پاکستان کی منصورہ میں پریس کانفرنس

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ملک میں نئے انتظامی صوبوں کے قیام کی مخالفت کرتے ہوئے خون بہنے کی باتیں کرنے والے بلاول بھٹو زرداری پہلے پیپلزپارٹی کے ماضی کا جائزہ لیں، 1972 میں لسانی بل لا کر سندھ میں فسادات کی بنیاد پی پی نے ہی رکھی تھی۔ بلاول کو چیلنج کرتے ہیں کراچی سے پیپلزپارٹی کی قومی اسمبلی کی سات نشستوں کے فارم 45 سامنے لائیں ، ان کے انتخابی مینڈیٹ (Mandate) کی حقیقت واضح ہوجائے گی۔

بدھ کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی انتظامی صوبوں کی تعداد بڑھانے کے حق میں ہے، تاہم اس کے لیے آئینی طریقہ کار اور مناسب فریم ورک اختیار کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے گنے کی کرشنگ شروع نہ کرنے پر جمعہ کو شوگر ملوں کے باہر دھرنوں کا اعلان کیا۔ نائب امیر میاں محمد اسلم ، ڈپٹی سیکرٹری سید فراست شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پیپلزپارٹی ایک طرف موجودہ حکومت کو ناجائز قرار دیتی ہے اور دوسری طرف آصف زرداری اسی حکومت کے ووٹوں سے صدر منتخب ہوئے ہیں۔ پیپلزپارٹی 2024 کے انتخابات کی بینیفشری (Beneficiary ) اور حکومت کا حصہ بھی ہے۔ اگر یہ حکومت ناجائز ہے تو آصف زرداری کو صدارت سے استعفیٰ دینا چاہیے۔ کراچی میں پیپلزپارٹی کی قومی اسمبلی کی سات نشستیں ناجائز ہیں۔ کراچی میں میئر کے انتخاب میں بھی ہیرا پھیری کی گئی۔ انہوں نے بلاول سے سوال کیا کہ اگر آج انہیں پی ٹی آئی سے ہمدردی ہے تو انہوں نے ماضی میں اس کی حکومت گرانے میں کردار کیوں ادا کیا؟ خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے معاملے پر بھی پیپلزپارٹی کا مؤقف تضاد کا شکار ہے، اس فیصلے پر دستخط آصف علی زرداری نے کئیے تھے جبکہ صوبے میں پیپلزپارٹی کا گورنر معاملات چلا رہا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جمہوریت پر شب خون مارنے کی تاریخ رکھنے والی پیپلزپارٹی دوسروں کو جمہوریت کا درس نہ دے۔ سندھ میں کرپشن جاری ہے۔ سیاسی قیادت کو ایسا طرزعمل اختیار کرنا چاہیے جو ملک کو خون خرابے کی طرف لے جانے کے بجائے مسائل کے حل میں مدد دے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ملک میں زراعت کی صورتحال انتہائی خراب ہوچکی ہے، گنے کی کرشنگ شروع نہیں ہوئی اور کسان شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ زرعی مداخل کی قیمتیں بڑھنے سے کاشتکاروں کے لیے فصلیں اگانا مشکل ہوتا جارہا ہے جبکہ دیگر فصلوں کی صورتحال بھی تسلی بخش نہیں۔ زراعت کا شعبہ مسلسل تنزلی کی طرف جارہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ گنے کی قیمت 700 روپے فی من مقرر کی جائے۔ جماعت اسلامی بیس نومبر جمعہ کو شوگر ملز کے باہر بھرپور احتجاجی دھرنے دے گی۔ شریف خاندان اور زرداری خاندان کی شوگر ملز بھی ہیں، حکومت کسانوں کے مسائل اور شوگر ملز کے کردار پر توجہ دے۔انہوں نے کہا کہ آٹا انتہائی مہنگا ہوچکا ہے۔ پنجاب حکومت نے گندم کی خریداری کے لیے جو کمپنیاں قائم کی تھیں، وہ کہاں ہیں؟ سندھ میں فلور ملز کو ناقص اور کچرا گندم فراہم کی جارہی ہے، جس سے عوام اور کسان دونوں متاثر ہورہے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کچھ کمی ضرور ہوئی ہے، لیکن حالیہ بحران کے دوران آئل کمپنیوں نے ناجائز منافع کمایا۔ جماعت اسلامی کے احتجاج کے باعث حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ نہیں کرسکی، حالانکہ ایک وزیر نے پٹرول کی قیمت 1,500 روپے فی لیٹر تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کے لیے جماعت اسلامی نے مسودہ تیار کرکے پیش کردیا ہے۔ حکومت ریلیف کا دائرہ بڑھانے پر رضامند ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے بتایا کہ حکومت کے ساتھ لیوی پر مذاکرات کا آخری دور جمعرات 19 نومبر کو ہوگا۔ جماعت اسلامی عوام کو حقیقی ریلیف دلانے کے لیے اپنے مطالبات پر قائم ہے۔ آئی پی پیز کے معاملے پر بھی حکومت کو باور کرایا ہے کہ ان سے حاصل ہونے والا فائدہ عوام کو منتقل کیا جائے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت آئی پی پیز کو کیپسٹی پیمنٹس (Capacity Payment ) کی ادائیگیاں فوری ختم کریں۔

حافظ نعیم الرحمن نے ملک میں گیس کے شدید بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایل پی جی کی تقریباً 55 فیصد ضروریات ایران سے درآمد کررہا تھا، لیکن اب ملک میں ایل پی جی کی شدید قلت ہے۔ سرکاری نرخوں پر ایل پی جی کہیں دستیاب نہیں، حکومت درآمدی مسائل فوری حل کرے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب ملک میں آر ایل این جی کی درآمد نہیں ہورہی تو ایل این جی ٹرمینلز کو روزانہ پانچ لاکھ 38 ہزار ڈالر کس مد میں ادا کیے جارہے ہیں؟ ان ٹرمینلز (Terminals) کو بھی کیپسٹی پیمنٹس دی جارہی ہیں، جو عوام کے ساتھ ظلم ہے۔ حکومت اس معاملے کا فوری نوٹس لے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات چھٹی مرتبہ ملتوی کیے گئے ہیں اور اس کی ذمہ دار وفاقی حکومت ہے۔