حافظ نعیم کا شوگر ملز کے باہر دھرنوں کا اعلان، نئے صوبوں کے قیام کے لیے آئینی فریم ورک کا مطالبہ
امیر جماعت اسلامی کا کسانوں کے مسائل، بجلی و گیس کے بحران اور نئے انتظامی صوبوں کے آئینی فریم ورک پر زور۔

اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے اسلام آباد میں اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے پٹرولیم لیوی کے خلاف احتجاجی تحریک، زرعی شعبے کی صورتحال، توانائی کے بحران اور نئے انتظامی یونٹس سمیت ملکی مسائل پر گفتگو کی۔
زراعت کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ زرعی شعبہ شدید مشکلات کا شکار ہے، کسان پریشان ہیں اور زرعی مداخل انتہائی مہنگے ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گنے کی کرشنگ تاحال شروع نہیں ہوئی اور مطالبہ کیا کہ گنے کی قیمت 700 روپے فی من مقرر کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ دوسری فصلوں کی صورتحال بھی خراب ہے اور زراعت کا شعبہ مسلسل تنزلی کی طرف جا رہا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی جمعہ کے روز شوگر ملز کے باہر دھرنے دے گی۔ انہوں نے شوگر ملز کے کردار پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ آٹا انتہائی مہنگا ہو چکا ہے۔ انہوں نے پنجاب حکومت کی جانب سے گندم کی خریداری کے لیے قائم کی گئی کمپنیوں کے بارے میں بھی سوال کیا کہ وہ کہاں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں فلور ملز کو ناقص گندم فراہم کیے جانے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔
پٹرولیم قیمتوں کے حوالے سے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ جماعت اسلامی نے احتجاج کے ذریعے حکومت کو قیمتوں میں مزید اضافے سے روکا۔ ان کے مطابق پٹرولیم بحران کے دوران آئل کمپنیوں نے ناجائز منافع کمایا۔ انہوں نے بتایا کہ جماعت اسلامی نے حکومت کو تجاویز پر مشتمل ڈرافٹ دیا ہے اور حکومت ریلیف کا دائرہ بڑھانے پر رضامند ہے۔ ان کا مطالبہ تھا کہ سبسڈی کے فوائد زیادہ سے زیادہ عوام تک پہنچائے جائیں۔
انہوں نے آئی پی پیز کے معاملے پر وفاقی اور پنجاب حکومت سے کیپسٹی پیمنٹس فوری ختم کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ عوام کو مزید ریلیف مل سکے۔
گیس کے بحران پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ایل پی جی کی قلت اور درآمدی مسائل کی نشاندہی کی۔ حافظ نعیم الرحمٰن نے سوال اٹھایا کہ جب ایل این جی کی درآمد نہیں ہو رہی تو ایل این جی ٹرمینلز کو روزانہ 5 لاکھ 38 ہزار ڈالر کس مد میں ادا کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے ان ادائیگیوں اور ایل پی جی کی دستیابی کے معاملات کا جائزہ لینے کا مطالبہ کیا۔
نئے انتظامی یونٹس کے حوالے سے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ وہ صوبوں کی تعداد بڑھانے کے حق میں ہیں، تاہم نئے صوبوں کے قیام کے لیے واضح آئینی فریم ورک سامنے آنا چاہیے۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کی قیادت کے بیانات اور سیاسی کردار پر تنقید کرتے ہوئے انتخابی دھاندلی کے الزامات اور سندھ میں کرپشن کے معاملات بھی اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا کوئی طرزِ عمل اختیار نہیں کیا جانا چاہیے جو ملک میں خون خرابے کا سبب بنے۔