حافظ نعیم الرحمٰن نے میرا برانڈ پاکستان ایکسپو 2026 کا افتتاح کردیا، مقامی صنعت کو سہولیات دینے کا مطالبہ
170 برانڈز کے اسٹالز، پاکستانی مصنوعات کے فروغ اور فلسطینیوں کی مدد پر زور، مہنگی بجلی و گیس کو صنعتی ترقی میں رکاوٹ قرار دے دیا

اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے اسلام آباد میں ’’میرا برانڈ پاکستان ایکسپو 2026‘‘ کا افتتاح کردیا۔ نمائش میں پاکستانی مصنوعات اور کاروباری اداروں کے 170 برانڈز کے اسٹالز لگائے گئے ہیں۔
افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے نمائش کے انعقاد پر پاکستان انٹرنیشنل بزنس فورم کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین پر اسرائیلی حملوں کے بعد پاکستانی برانڈز کو فروغ دینے اور اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کے نتیجے میں ان کے متبادل فراہم کرنے کی ضرورت محسوس کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کی مدد کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے نمائش کو ایک بڑا عالمی تصور قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی برانڈز کی نمائش ڈھاکہ، ترکیہ اور دیگر ممالک میں بھی منعقد کی جائے گی تاکہ پاکستانی مصنوعات کو عالمی سطح پر متعارف کرایا جا سکے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ پاکستان کی اپنی مارکیٹ 25 کروڑ افراد پر مشتمل ہے، لیکن ملکی صنعت کو مہنگی بجلی اور گیس جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ حکومت صنعت کے لیے سستی بجلی اور گیس فراہم کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے صنعت کو 8 سینٹ پر بجلی دینے کا وعدہ کیا تھا۔
انہوں نے آئی پی پیز کو سالانہ 1800 ارب روپے کیپسٹی پیمنٹس کی ادائیگی پر بھی سوال اٹھایا اور کہا کہ ایک مخصوص مافیا کو نوازا جا رہا ہے جبکہ پاکستانی مصنوعات اور صنعت کو مطلوبہ سہولیات میسر نہیں ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پاکستانی صنعت کو اپنی مصنوعات کا معیار بھی برقرار رکھنا ہوگا۔ اگر بعض افراد زیادہ منافع کمانے کی کوشش میں صنعت کے مفادات کو نقصان پہنچائیں گے تو اس کا نقصان مجموعی صنعتی شعبے کو ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملٹی نیشنل کمپنیوں کو ملکی صنعت کی قیمت پر کام کرنے کی اجازت نہیں دینی چاہیے۔
حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی صرف مطالبات نہیں کرتی بلکہ مسائل کے حل بھی پیش کرتی ہے۔ انہوں نے بنو قابل پروگرام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس میں 20 لاکھ سے زائد نوجوان رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔ صنعت کو بھی نوجوانوں کی تربیت اور مہارتوں میں اضافے کے لیے سرمایہ کاری کرنی چاہیے۔
انہوں نے نمائش میں خواتین کی بڑی تعداد میں اسٹالز لگانے کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ کاروباری سرگرمیوں میں خواتین کی شرکت حوصلہ افزا ہے۔
معاشی اور سیاسی امور پر گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے سوال کیا کہ 31 دسمبر 2027 تک سود کے خاتمے کے لیے حکومت کیا اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی حکومت کے ساتھ ہر اس معاملے پر بات کرتی ہے جس سے عوام کو فائدہ پہنچے، تاہم ایکسٹینشن جیسے معاملات پر سیاسی قیادت اکٹھی ہو جاتی ہے جبکہ عوامی مسائل پر توجہ نہیں دی جاتی۔ انہوں نے 27ویں آئینی ترمیم کی مخالفت کا اعادہ بھی کیا۔