حافظ نعیم الرحمٰن کا کوئٹہ میں جلسہ عام سے خطاب

بلوچستان کے عوام سب سے بڑا خزانہ ہیں، انہیں حقوق سے محروم نہیں رکھا جا سکتا، حافظ نعیم الرحمٰن

2 منٹ

کوئٹہ: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام ہی صوبے کا اصل اور سب سے بڑا خزانہ ہیں، جماعت اسلامی کی جدوجہد عوام کو ان کے حقوق دلانے کے لیے ہے اور پاکستان کے سب سے قیمتی سرمائے کو محرومیوں کا شکار نہیں رہنے دیا جا سکتا۔

کوئٹہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کامیاب جلسے کے انعقاد پر جماعت اسلامی کی مقامی ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے حوالے سے اکثر یہاں کے قدرتی وسائل اور خزانوں کا ذکر کیا جاتا ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ اس صوبے کے عوام سب سے بڑا خزانہ ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے حکمران طبقے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نام نہاد جمہوریت ہو یا آمریت، آٹا، چینی اور ریفائنریز سمیت مختلف شعبوں میں یہی مخصوص طبقہ قابض رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 80 سال سے مسلط طبقے سے نجات کے لیے سب کو مل کر کوشش کرنا ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر نظام ناکام ہو چکا ہے تو یہ بھی بتایا جائے کہ نظام کن لوگوں کے ہاتھ میں ہے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے سیاسی جماعتوں کی جانب سے عدم اعتماد کے نام پر ٹریڈنگ اور حکومت گرانے کی کوششوں پر بھی تنقید کی اور کہا کہ چاہے کوئی مسٹر ہو یا مولانا، چلتی حکومت گرانے کی کوشش کرنے والوں کو معافی مانگنی چاہیے۔

بلوچستان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں کے باعث صوبے کے عوام میں مایوسی پائی جاتی ہے۔ ان کے مطابق بلوچستان کے 47 فیصد بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کوئٹہ میں پانچ سال سے بلدیاتی انتخابات کیوں نہیں ہوئے، جبکہ اسلام آباد میں بھی چھ مرتبہ بلدیاتی انتخابات کا اعلان کرکے فیصلہ واپس لیا گیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی انتظامی یونٹس کے قیام کے خلاف نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالتوں اور تھانوں کو عوام کو انصاف فراہم کرنا چاہیے اور یہ سوال اہم ہے کہ عام شہریوں کو حقیقی انصاف کب ملے گا۔

کراچی کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ وہاں عوام نے اپنے حقوق کے لیے تاریخی جدوجہد کی اور بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کو سب سے زیادہ ووٹ ملے، تاہم ان کے بقول عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈال کر قبضہ میئر بٹھایا گیا۔

امیر جماعت اسلامی نے اعلان کیا کہ 29 نومبر کو مینار پاکستان پر تاریخی جلسہ عام منعقد ہوگا، جس میں پورا پنجاب بلوچستان کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرے گا۔