پٹرولیم لیوی پر حکومتی ، جماعت اسلامی کمیٹیاں جلد شیڈول طے کریں گی، باہمی مشاورت سے وزریراعظم شہباز شریف ، امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی ملاقات کا وقت طے کیا جائے گا
لیاقت بلوچ سے وفاقی وزیراحسن اقبال کا رابطہ، وزیراعظم کا پیغام پہنچایا

نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ سے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے رابطہ کرکے پٹرولیم لیوی کے معاملے پر مذاکرات کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف کا پیغام پہنچایا ہے۔
لیاقت بلوچ نے جماعت اسلامی کے شعبہ نشرواشاعت کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم نے احسن اقبال جو پٹرولیم لیوی پر حکومتی کمیٹی کے سربراہ ہیں کو کہا ہے کہ حکومتی اور جماعت اسلامی کی کمیٹیاں دونوں رہنماؤں (وزیراعظم شہباز شریف ، امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن) کے درمیان ملاقات کے لیے مشاورت سے شیڈول طے کرلیں ۔ نائب امیر نے کہا کہ ملاقات کے شیڈول کو طے کرنے اور پٹرولیم لیوی کے مسئلہ پر دونوں اطراف کے درمیان جلد مشاورت ہوگی جب کہ وزیراعظم شہباز شریف اور امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کے درمیان ملاقات میں لیوی بھتہ کے خاتمے بارے بات چیت ہوگی۔ حافظ نعیم الرحمن ، وزیراعظم سے آئی پی پیز معاہدوں اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کے امور ہر بھی بات چیت کریں گے۔
لیاقت بلوچ نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی کا مطالبہ دوٹوک ہے اور امیر جماعت اسلامی نے متعدد بار اس کی وضاحت کی ہے کہ پٹرولیم لیوی ناجائز ٹیکس ہے اور ہم اس کا مکمل خاتمہ چاہتے ہیں۔
جماعت اسلامی پٹرولیم لیوی بھتہ کیخلاف دو مہینے سے مہم چلا رہی ہے ۔ پہلے مرحلے پر 510 مقامات پر شاہراہیں بند کی گئیں۔ پانچ ہفتے تک 40 سے زائد مقامات پر دھرنے دئیے گے۔ تیسرے مرحلے پر سُپر لانگ مارچ کراچی سے اسلام آباد کے لئے شروع ہوا۔ وزیر اعظم کی درخواست پر اُسے وقفہ دیا گیا ہے۔ امید ہے وزیر اعظم امیر جماعت اسلامی کو کرائی گئی یقین دہانی پر عمل کرتے ہوئے بڑے ریلیف پیکج کا اعلان جلد کریں گے ۔