تعلیم ہر بچے کا بنیادی اور آئینی حق ہے، مفت اور معیاری تعلیم کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے، حافظ نعیم الرحمن
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا گلبرگ ٹاؤن میں 70 سڑکوں، 300 گلیوں، ابو تراب اسکول اور ڈاکٹر اے کیو خان آئی ٹی اسپیس کا افتتاح

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی اور آئینی حق ہے، معیاری اور مفت تعلیم کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ سندھ میں 75 لاکھ بچوں کو سرکاری سطح پر تعلیم ملنی چاہیے، جبکہ سرکاری اسکولوں کی تباہ حالی اور گھوسٹ اسکولوں کی موجودگی تشویش ناک ہے۔ تعلیم کارڈ کے ذریعے بچوں کے تعلیمی اخراجات میں مدد فراہم کرنا اہم اقدام ہے، گلبرگ ٹاؤن انتظامیہ اگلے تعلیمی سال کے لیے 5 ہزار کے بجائے 10 ہزار تعلیم کارڈ جاری کرے۔ 
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گلبرگ کے تحت ابو تراب اسکول، ڈاکٹر عبد القدیر خان آئی ٹی اسپیس، 70 سڑکوں اور 300 گلیوں کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی نے اپنی ترجیحات میں تعلیم اور صحت کو سرفہرست رکھا ہے اور دستیاب وسائل کے ذریعے عوام کی خدمت کی کوشش کر رہے ہیں۔ ڈیڑھ سال قبل سمن آباد میں ہیلتھ سینٹر قائم کیا گیا تھا جہاں اب تک 30 ہزار مریضوں کا علاج کیا جا چکا ہے۔ یہ مرکز علاقے کے عوام کے لیے ریلیف کا سبب بن رہا ہے جبکہ نصیر آباد میں بھی ہیلتھ سینٹر قائم کرنے کا منصوبہ ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ تعلیم کارڈ کے منصوبے کو پورے کراچی میں بڑے پیمانے پر وسعت دینے کی ضرورت ہے تاکہ غریب اور متوسط طبقے کے بچوں کو بھی تعلیم کے مواقع میسر آسکیں۔ مہنگائی، بجلی اور گیس کے بلوں اور مکان کے کرائے کی ادائیگی کے بعد بہت سے والدین کے لیے بچوں کی تعلیمی فیس ادا کرنا مشکل ہو جاتا ہے، ایسے میں تعلیم کارڈ ان خاندانوں کے لیے اہم سہارا بن سکتا ہے۔