بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں 24 ارب روپے کی کرپشن کا انکشاف، شفافیت کی حقیقت سامنے آ گئی، حافظ نعیم الرحمٰن

غریبوں کے نام پر جاری نام نہاد پروگرام کی شفافیت پر سنجیدہ سوالات اٹھ گئے، امیر جماعت اسلامی پاکستان

1 منٹ

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں 24 ارب کی بے ضابطگیوں کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اس پروگرام کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور کہا ہے کہ کرپشن رپورٹ نے غریبوں کے نام پر جاری نام نہاد بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی شفافیت پر سنجیدہ سوالات اٹھا دیے ہیں۔  

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ سالانہ 800 ارب روپے سے زائد کے بجٹ کے باوجود یہ پروگرام ملک میں غربت ختم کرنے میں ناکام رہا ۔ پچھلے 8 سال میں غربت کی شرح 21 فیصد سے بڑھ کر 28 فیصد پر پہنچ گئی ۔ عالمی بینک کے مطابق مشرق وسطیٰ، شمالی افریقہ، افغانستان اور پاکستان (MENAAP) کے خطے میں یومیہ تین ڈالر سے کم پر زندگی گزارنے والے انتہائی غریب افراد میں سے تقریباً 48 فیصد پاکستان میں رہتے ہیں۔ پچھلے سالوں میں خرچ کیے گئے یہ ہزاروں ارب روپے ملک کے لاکھوں نوجوانوں کا مستقبل بدل سکتے تھے اگر بہتر منصوبہ بندی اور ترجیحات کے ساتھ خرچ کیے جاتے ۔