لیوی کا خاتمہ اولین ترجیح ہے، نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان، وزیراعظم ، امیر جماعت اسلامی پاکستان سے ملنے کے خواہش مندہیں، معاون خصوصی
لیاقت بلوچ سے رانا ثنا اللہ کا رابطہ ، پٹرولیم لیوی مذاکرات پر گفتگو

نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ سے وزیراعظم کے معاون خصوصی رانا ثناء اللہ خان نے ٹیلی فون رابطہ کرکے پٹرولیم لیوی مذاکرات اور وزیراعظم شہباز شریف اور امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن ملاقات کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
رانا ثناء اللہ نے لیاقت بلوچ کو بتایا کہ وزیراعظم اپنے وعدے کے مطابق حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں۔
شعبہ اطلاعات جماعت اسلامی کے مطابق ملاقات سے قبل دونوں جانب کی مذاکراتی کمیٹیوں کے اجلاس کا بھی امکان ہے۔ مذاکراتی کمیٹیوں کے اجلاس میں پٹرولیم لیوی کے خاتمے کے لیے واضح ایجنڈے اور نکات پر بات ہوگی تاکہ شباز شریف اور حافظ نعیم الرحمن ملاقات میں عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے پیش رفت ہوسکے۔
لیاقت بلوچ نے اس موقع پر کہا کہ پٹرولیم لیوی کی صورت میں عوام سے وصول کیے جانے والے بھتے کا خاتمہ ہی حقیقی ریلیف ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی درخواست پر جماعت اسلامی نے سپر لانگ مارچ میں عارضی وقفہ کیا تھا، تاہم عوام کو ریلیف دلانے کے لیے تحریک جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم لیوی کے خلاف ملک بھر میں جلسے اور دستخطی مہم بھی جاری ہے۔جماعت اسلامی اس وقت تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی جب تک عوام کے لیے بڑا ریلیف پیکج حاصل نہیں کرلیا جاتا۔
لیاقت بلوچ نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی کا بنیادی مطالبہ پٹرولیم لیوی کا خاتمہ ہے اور مذاکرات میں اس حوالے سے واضح پیش رفت ضروری ہے۔