پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور لیوی کے معاملے پر حکومت کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا ہے، حافظ نعیم الرحمٰن
امیر جماعت اسلامی کی وزیراعظم سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر حکومت کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا ہے، حکومت کے پیٹرول ریلیف پیکیج میں 1000 سی سی تک کی گاڑیوں کو شامل کر لیا گیا ہے، ساڑھے بارہ ایکڑ تک کے کسانوں کو بھی ٹریکٹروں پر ڈیزل میں ریلیف دینے پر اتفاق ہوا ہے۔ سرکاری سطح پر 1600 سی سی سے بڑی گاڑیاں استعمال نہیں کی جائیں گی، حکومت پیٹرولیم لیوی پر آئندہ بجٹ تک ورکنگ مکمل کر لے گی تاکہ اگلا بجٹ لیوی پر انحصار کرکے نہ بنایا جائے۔

جمعرات کو امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے وفد کے ہمراہ وزیراعظم شہباز شریف سے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وفد میں نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید فراست شاہ اور امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا عنایت اللہ خان شامل تھے۔ ملاقات کے بعد وفد کے ہمراہ وزیراعظم ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی نے پرامن تحریک چلائی، ہماری اور حکومتی کمیٹیوں نے مل کر ڈرافٹ بنایا تھا، میں اپنی کمیٹی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ آج حکومت نے بتایا کہ دو کروڑ لوگ ریلیف پیکیج میں شامل ہیں، جس میں غریب مزدور، طلبہ اور بائیکیا والے شامل ہیں، عوام کو ریلیف مل رہا ہے۔ گاڑیوں کے لیے بھی ریلیف پیکیج میں 800 سی سی سے بڑھا کر 1000 سی سی گاڑیوں کو شامل کر لیا گیا ہے۔ زراعت میں ساڑھے بارہ ایکڑ والے کسان کو ٹریکٹر کے ڈیزل کے لیے ریلیف پیکیج میں شامل کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لیوی پر ونڈ فال کا اثر 80 روپے سے 63 روپے تک آگیا ہے، لیوی کو کم کرنے پر بات ہوئی ہے، حکومت نے کہا ہے کہ لیوی پر بجٹ تک ورکنگ مکمل کر لی جائے گی، ہم نے حکومت سے کہا ہے کہ اگلا بجٹ لیوی پر انحصار کرکے نہ بنایا جائے۔ حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ حکومت نے تسلیم کر لیا ہے کہ سرکار 1600 سی سی سے بڑی گاڑیاں استعمال نہیں کرے گی، آئی پی پیز سے متعلق بھی معاہدے میں لکھوایا ہے، آئی پی پیز معاہدوں پر نظرثانی کی وجہ سے 25 فیصد بلز کم ہوئے ہیں اور عوام کو 25 سے 30 روپے فی یونٹ ریلیف مل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے معاہدے پر اتفاق تو کیا ہے مگر بہت سی چیزوں کے مطالبے پر بھی قائم ہیں، عملدرآمد کمیٹی اس معاہدے پر نظر رکھے گی، حکومت اپنے خرچے کم کرے گی، سود کے خاتمے کی طرف قدم بڑھائے جائیں گے۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بینکوں کے سود کے خلاف سڑکوں پر نکلیں گے، گندم پورے ملک میں مہنگی سے مہنگی ہوتی جا رہی ہے، حکومت کے چار مطالبات مان لینے کا مطلب یہ نہیں کہ سب کچھ مان لیا گیا، 29 نومبر کو مینار پاکستان پر اگلے لائحہ عمل کا اعلان کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک ریلیف لیں گے تو دوسرے ریلیف پر سامنے آئیں گے، لیوی کو مزید آہستہ آہستہ نیچے لایا جائے گا، آئندہ بجٹ میں لیوی کو مستقل ختم کرنے کے لیے بھی اقدامات کرنا پڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ معاہدے پر اتفاق تو کیا ہے لیکن اپنے مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹے، معاہدے پر عملدرآمد کی نگرانی کے لیے مذاکراتی کمیٹیاں موجود رہیں گی، گندم، چینی، گیس پر بھی جماعت اسلامی آواز اٹھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کا خاتمہ ہو، میڈیا مالکان بھی میڈیا ورکرز کو ان کے حقوق دیں، بلوچستان کے حالات سامنے ہیں، ہم سمجھتے ہیں کہ وہ حکومت جو سب کچھ لے رہی تھی، اسے دینا پڑ رہا ہے۔ حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ اس وقت زراعت کے شعبے میں پنجاب حکومت مکمل ناکام ہوگئی ہے، کپاس کی فصل تباہ ہو چکی ہے، گنے کی قیمت انتہائی کم ہے۔گنا 700 روپے فی من خریدا جانا چاہیے۔