حکومت لیوی پر ریلیف بڑھانے کو تیار، ہم اس کا مکمل خاتمہ چاہتے ہیں،دس روز تک لیوی ختم نہ ہوئی تو اسلام آباد مارچ ہوگا، حافظ نعیم الرحمٰن
جماعت اسلامی کے علاوہ کوئی پارٹی عوام کے لیے آواز نہیں اٹھاتی، امیر جماعت اسلامی پاکستان کی ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس

امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ منگل کو وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں حکومت پٹرولیم لیوی پر ریلیف کے دائرہ کار کو بڑھانے پر راضی ہوئی ہے تاہم جماعت اسلامی لیوی کا مکمل خاتمہ چاہتی ہے ، اپنے موقف کے حق میں نومبر کے وسط میں اسلام آباد مارچ کریں گے۔
ادارہ نورِ حق کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ انہوں نے وزیراعظم سے لیوی کے خاتمہ کا دوٹوک مطالبہ کیا ہے، وزیراعظم عوام پر لیوی بھتہ کے نفاد کا کوئی جواز نہیں دے سکے ، البتہ ان کا کہنا تھا کہ لیوی وفاق کی آمدن کا بڑا ذریعہ ہے، حکومت کے اس عذر کو کسی صورت قبول نہیں کیا جاسکتا۔ اس موقع پر امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفرخان،نائب امیرجماعت اسلامی کراچی و اپوزیشن لیڈر کےایم سی سیف الدین ایڈوکیٹ،نائب امیر کراچی مسلم پرویز اور دیگر راہنما بھی موجود تھے۔
امیرجماعت اسلامی نے کہا کہ وفاق ہرماہ غریب عوام سے ڈیڑھ سو ارب لیوی کی مد میں بھتہ وصول کرتا ہے، حکومت ہی کے بقول موجودہ ریلیف بتیس ارب ہے، اس سے واضح ہے کہ ہرماہ غریب عوام کی جیب پر کم از کم ایک سو دس ارب کا ڈاکہ ڈالا جاتا ہے، موجودہ نظام کی ناکامی مکمل طور پر آشکار ہوگئی، ادارے تباہ ہوچکے ہیں، افسر شاہی عوام کو لوٹ رہی ہے، مافیاز کو نوازا جارہا ہے ، ایف بی آر میں سالانہ تیرہ سو ارب کی کرپشن ہوتی ہے، ادارہ ٹیکس جمع کرنے کی اپنی ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام ہے، ہم نے وزیراعظم کو بتایا ہے کہ حکومت کا اپنا ادارہ اگر ٹیکس جمع نہیں کرسکتا تو عوام کو لوٹنے کا کیا جواز ہے؟ 
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ موجودہ حالات میں بھی مختلف مافیاز کی دولت میں اضافہ جاری ہے، آئل ریفائینریز کے منافع میں گیارہ سو فیصد اضافہ ہوا ہے، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ڈیلروں کے منافع جات بھی بڑھ رہے ہیں ، آئی پی ہیز کو سالانہ اٹھارہ سو ارب روپے بجلی نہ بنانے کی مد میں دئیے جارہے ہیں ، افسوس ناک امر یہ ہے عوام پر ظلم کے خلاف جماعت اسلامی کے علاوہ کوئی سیاسی پارٹی، بھلے اس کا تعلق حکومت سے ہو یا حزب اختلاف سے ، آواز بلند نہیں کررہی ہے ، ہم لیوی کے خلاف لمبے عرصے تحریک چلا رہے ہیں، وزیراعظم نے لیوی پر فیصلہ کے لیے دس روز مانگے ہیں ، عوام کو ریلیف نہ ملا تو جماعت اسلامی نومبر کے وسط میں لانگ مارچ کرے گی ، پورے ملک سے قافلے اسلام آباد پہنچیں گے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جماعت اسلامی کی آئی پی پیز کے خلاف تحریک کے نتیجہ میں عوام کو بجلی پر ریلیف ملا تاہم اب بھی بجلی مہنگی ہے، حکومت پروٹیکٹد (Protected ) کیٹیگری (Category ) کی شکل پر غریب کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہے، کسی ایک ماہ بھی دو سو یونٹ سے ایک یونٹ اوپر چلا جائے تو دو ہزار کل بل آٹھ ہزار ہر بن جاتا ہے، یہ ظلم بند کیا جائے، انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی آئی پی پیز کے خلاف تحریک کے نتیجہ میں حکومت نے سنتالیس آئی پی پیز سے بات کی جس سے قومی خزانہ کو ساڑھے چودہ سو ارب کا فائدہ ہوا۔ لیوی کے خلاف بھی تحریک جاری رہے گی اور عوام کو اُن کا حق دِلا کر رہیں گے۔