مولانا شریف اللہؒ، سید مودودیؒ کے استاد اور سرسینئ سے ان کی نسبت

ایک عظیم علمی شخصیت کی زندگی، تدریسی خدمات اور سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ سے استاد و شاگرد کے تعلق کی تاریخی داستان۔

سہراب واصل

مولانا شریف اللہ رح ، سید مودودی کے استاذ اور سرسینئ سے ان کی نسبت ۔۔۔۔

''اگر سوات کا والی صرف جنازہ پڑھا کر اور کسی دوسری جگہ نہ جانے کی پابندی عائد نہ کرتا، تو میں اپنے شیخ واستاذ کے گاؤں "سرسینئ" ضرور جاتا اور وہاں کی گلیوں کی زیارت کرتا،، یہ الفاظ تھے سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ کے جو انہوں نے 1961ء میں ریاستِ سوات کے ایک اشراف خاندان سے تعلق رکھنے والی شخصیت، تاج الملوک تور لالا مرحوم کے جنازے میں شرکت کے موقع پر کہے تھے۔ سید مودودیؒ نے جس استاد کے گاؤں سرسینئ جانے کی حسرت کا اظہار کیا تھا، ان کا نام مولانا شریف اللہؒ تھا۔

زمانہ طالبعلمی میں میرے شیخ واستاذ محمد منیرؒ اکثر مجھے بتایا کرتے تھے کہ تمہارے گاؤں "سرسینئ" کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ سید مودودیؒ کے استاد مولانا شریف اللہؒ کا گاؤں ہے۔ ایک طرف سید مودودیؒ کے الفاظ اور دوسری طرف اپنے شیخ کی زبانی یہ تذکرہ سن کر، میرے اندر مولانا شریف اللہؒ کی شخصیت کے بارے میں جاننے کا تجسس بڑھتا گیا۔ مولانا شریف اللہؒ کے متعلق میری ابتدائی معلومات دھندلی تھیں، لیکن زمانے کی ترقی  نے اس عظیم شخصیت کی زندگی کے درخشاں گوشوں کو میرے سامنے آشکار کیا۔

سید مودودیؒ کو مولانا شریف اللہؒ کے اصل آبائی علاقے کے بارے میں غالباً کچھ اشتباہ تھا۔ ممکن ہے اس کی وجہ یہ ہو کہ زمانۂ طالب علمی میں مولانا شریف اللہؒ سے سرسینئ کا ذکر کثرت سے سنتے رہے ہوں، کیونکہ ان کا سسرال اسی گاؤں میں تھا اور ان کے قریبی رشتہ دار بھی یہاں آباد تھے۔دستیاب معلومات کے مطابق مولانا شریف اللہؒ کی ولادت تحصیل کبل کے گاؤں علیگرامہ میں ہوئی۔ ان کا تعلق سوات کے ایک معزز خاندان، ملان، سے تھا۔

مولانا شریف اللہؒ نے ابتدائی تعلیم سوات میں حاصل کی اور مزید تعلیم کے لیے ہندوستان کا سفر کیا۔ وہاں انہوں نے ڈابھیل، دیوبند اور لکھنؤ جیسے بڑے علمی مراکز میں وقت گزارا اور اپنے وقت کے جید علما سے مختلف علوم حاصل کیے۔

تعلیم مکمل کر کے جب وہ سوات واپس آئے، تو اس وقت کے حکمران سید عبدالجبار شاہ نے ان کی علمی قابلیت کو دیکھتے ہوئے انہیں ریاستِ سوات میں قاضی (جج) کا منصب پیش کیا، اور اس کے بدلے تحصیل کبل کا علاقہ علیگرامہ بطور ملکیت دینے کی پیشکش بھی کی۔ مولانا نے چند ماہ اس منصب پر کام کیا، لیکن ان کا دل سرکاری عہدوں کے بجائے درس و تدریس اور کتابوں میں لگتا تھا۔ چنانچہ انہوں نے سرکاری منصب اور جائیداد کی پیشکش کو چھوڑ دیا اور دوبارہ ہندوستان چلے گئے، جہاں انہوں نے اپنی زندگی کا بڑا حصہ پڑھانے میں گزارا۔

مولانا شریف اللہؒ کے خاندان کے قریبی رشتہ دار سرسینئ میں آباد تھے اور انہی رشتہ داروں میں ان کی شادی بھی ہوئی تھی۔ یوں اگرچہ ان کی جائے پیدائش علیگرامہ تھی، لیکن سرسینئ کے ساتھ ان کا گہرا خاندانی تعلق قائم تھا۔ غالباً یہی وجہ تھی کہ سید مودودیؒ کے ذہن میں سرسینئ ان کے شیخ کے گاؤں کی حیثیت سے محفوظ رہا۔

سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ نے مولانا شریف اللہؒ سے علمِ معانی، علمِ ادب اور علمِ حدیث کی کتابیں پڑھیں۔ وہ ان کے شفیق اساتذہ میں شمار ہوتے تھے۔ تقسیمِ ہند کے بعد مولانا شریف اللہؒ لاہور منتقل ہوگئے، جہاں ان کی زندگی کا اختتام ہوا۔

اللہ تعالیٰ نے مولانا شریف اللہؒ کو چار بیٹوں اور تین بیٹیوں سے نوازا تھا۔ جو سب وفات پا چکے ہیں ۔ ان کی اولاد، پوتے پوتیاں، نواسے اور دیگر اہلِ خاندان سرسینئ، علیگرامہ اور لاہور میں آباد ہیں۔

یہ ابتدائی معلومات اور دستیاب تصویر مولانا شریف اللہؒ کے خاندان کے قریبی افراد اور رشتہ داروں کے تعاون سے حاصل ہوئی ہیں، جنہوں نے اس تاریخی شخصیت کے بارے میں معلومات تک رسائی میں مدد فراہم کی۔

یہ معلومات محض ایک استاد اور شاگرد کا تعلق نہیں، بلکہ ہمارے علاقے کی علمی تاریخ کا ایک اہم باب ہے۔ ایک ایسی شخصیت جس نے اپنے علمی ذوق اور تدریسی ذوق کو منصب و دولت پر ترجیح دی، اور جس کی علمی تربیت سے سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ جیسی نامور شخصیت نے استفادہ کیا۔

مولانا شریف اللہؒ کی علمی و تدریسی خدمات، اساتذہ، شاگردوں، اور خاندانی پس منظر کے بارے میں مزید معلومات جمع کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ کوشش ہے کہ دستیاب تاریخی شواہد اور اہلِ خاندان کی روایات کی روشنی میں ان کی زندگی اور علمی خدمات پر ایک جامع اور مستند مضمون مرتب کروں، تاکہ یہ اہم علمی و تاریخی سرمایہ محفوظ ہو سکے ۔

#واصلات