’’کیشِ مرداں، نہ کہ مذہبِ گوسفنداں‘‘ — مولانا مودودیؒ کا پیغام اور پیٹرولیم لیوی کی بحث

مولانا مودودیؒ کی 1936ء کی تحریر کے تناظر میں معاشی انصاف، پیٹرولیم لیوی اور ریاستی پالیسیوں پر عوامی سوالات کا جائزہ۔

متین فاروقی

# ’’کیشِ مرداں، نہ کہ مذہبِ گوسفنداں‘‘۔

دنیا میں دو طرح کے لوگ ہوتے ہیں۔ ایک وہ جو حالات کو دیکھ کر اپنا راستہ متعین کرتے ہیں، دوسرے وہ جو اپنے اصولوں کی روشنی میں حالات کا راستہ بدلنے کی کوشش کرتے ہیں۔ پہلے گروہ کے پاس ہمیشہ ایک عذر ہوتا ہے حالات ایسے ہی ہیں۔ دوسرے گروہ کے پاس ایک سوال ہوتا ہے کیا حالات ایسے ہی رہنے چاہییں؟

1936ء میں مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ نے تنقیحات میں ایک مضمون لکھا۔ عنوان تھا:

 ’’کیشِ مرداں، نہ کہ مذہبِ گوسفنداں‘‘۔

عنوان ہی میں ایک پوری دعوت پوشیدہ ہے۔ بھیڑ کی طرح آنکھیں بند کرکے چلتے رہنا کوئی دانش مندی نہیں۔ انسان کو سوچنے، پرکھنے اور اپنے ضمیر کی روشنی میں فیصلہ کرنے کی صلاحیت دی گئی ہے۔ اگر ہر شخص صرف اس لیے کسی غلط روش کو قبول کر لے کہ معاشرے میں یہی رواج ہے تو پھر اصلاح کا دروازہ کہاں سے کھلے گا؟

مولانا نے اس بحث میں معاشی زندگی کے ایک نہایت اہم پہلو کی طرف توجہ دلائی۔ جب تاجر اپنے منافع کے لیے عوام کی ضرورت اور مجبوری سے فائدہ اٹھاتا ہے، قیمتوں میں ناجائز اضافہ کرتا ہے اور اپنے عمل کو کاروبار کا معمول قرار دیتا ہے تو اسے اخلاقی جواز نہیں مل جاتا۔ محض یہ کہہ دینا کہ بازار میں سب ایسا ہی کرتے ہیں، کسی غلط عمل کو درست نہیں بنا دیتا۔

یہاں سے ایک سوال پیدا ہوتا ہے۔

اگر یہی طرزِ عمل حکومت اختیار کر لے تو کیا ہوگا؟

پیٹرولیم لیوی کا معاملہ بھی اسی لیے محض ایک سرکاری محصول کا معاملہ نہیں۔ یہ اس بنیادی سوال سے وابستہ ہے کہ ریاست اپنے مالی وسائل کہاں سے حاصل کرتی ہے اور ان وسائل کی فراہمی کا بوجھ کن لوگوں پر ڈالتی ہے۔

پاکستان کے 2026-27ء کے بجٹ میں پیٹرولیم لیوی سے تقریباً 1.68 ٹریلین روپے کی آمدنی کا تخمینہ رکھا گیا ہے۔ یہ معمولی رقم نہیں۔ یہ اس بات کا اظہار ہے کہ ریاستی مالیات میں اس محصول کی اہمیت کتنی بڑھ چکی ہے جبکہ قربانی کا مطالبہ ہمیشہ کمزور سے ہی کیوں کیا جاتا ہے؟ کفایت شعاری کا آغاز عام آدمی کے چولہے، موٹر سائیکل اور سفر سے کیوں ہوتا ہے؟ حکمرانوں کے اخراجات، سرکاری مراعات اور غیر ضروری ریاستی مصارف پر بھی اسی شدت سے سوال کیوں نہیں اٹھتے؟

یہی وہ مقام ہے جہاں مولانا مودودیؒ کی 1936ء کی تحریر آج کے حالات سے مکالمہ کرتی محسوس ہوتی ہے۔

جماعت اسلامی کی پیٹرولیم لیوی کے خلاف مہم کو بھی اسی وسیع تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے۔

یہ مہم صرف پیٹرول کی قیمت کم کرانے یا کسی ایک سرکاری محصول کے خاتمے کا مطالبہ نہیں۔ اس کے پیچھے یہ سوال بھی موجود ہے کہ معاشی بحران کا بوجھ کس پر ڈالا جائے گا، ریاستی وسائل کی فراہمی کا نظام کتنا منصفانہ ہے اور کیا عوام کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنے حکمرانوں سے ان کی معاشی ترجیحات کا حساب مانگیں؟

جماعت اسلامی نے اس معاملے پر ملک گیر احتجاج، دھرنوں، لانگ مارچ اور عوامی دستخطی مہم کے ذریعے آواز اٹھائی ہے۔ حکومت کے ساتھ مذاکرات بھی جاری ہیں۔ 3 اور 4 نومبر کی پیش رفت میں دونوں فریقوں نے پیٹرولیم لیوی میں کمی اور عوامی ریلیف کے امکانات پر مزید مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ اس جدوجہد کی اہمیت صرف اس کے سیاسی نتائج سے متعین نہیں ہونی چاہیے۔ اس کی ایک بڑی اہمیت یہ بھی ہے کہ عوام کو یہ احساس دلایا جائے کہ حکومتی فیصلے ناقابلِ سوال نہیں ہوتے۔ شہری محض ٹیکس ادا کرنے والے افراد نہیں، ریاست کے اصل حقدار اور اس کے فیصلوں کے جواب طلب کرنے والے بھی ہیں۔

البتہ احتجاج کرنے والے بھی اس سوال سے مستثنیٰ نہیں۔ جو جماعت ریاست سے معاشی انصاف کا مطالبہ کرتی ہے، اسے اپنے معاشی متبادل، اعداد و شمار اور مالیاتی تجاویز بھی عوام کے سامنے رکھنے چاہییں۔ مطالبہ جتنا بڑا ہو، اس کے ساتھ دلیل اور متبادل بھی اتنا ہی واضح ہونا چاہیے اس ظرز کی سیاست ملک میں متشدد روئیے کے بجائے علمی بحث اور اخلاقی فضا کی راہ ہموار کرے گے اور امید ہے کہ حکومت ان تجاویز کی روشنی میں عوام کو ریلیف فراہم کرے گی۔

مولانا مودودیؒ کی تحریر کا آج کے لیے شاید سب سے اہم سبق یہی ہے کہ رواج، مجبوری اور اکثریت کسی عمل کی صحت کا پیمانہ نہیں بن سکتے۔ اگر ناجائز منافع خوری غلط ہے تو اس کی غلطی صرف اس وقت تک محدود نہیں رہتی جب تک اسے کوئی تاجر انجام دے رہا ہو۔ اگر حکومت عوام کی استطاعت سے بڑھ کر بوجھ ڈال رہی ہو تو اس کے عمل پر بھی سوال اٹھنا چاہیے۔

1936ء میں اٹھایا گیا سوال آج بھی ہمارے سامنے ہے۔ فرق صرف اتنا ہے کہ اس زمانے میں بحث کا ایک موضوع تاجر کی منافع خوری تھا، آج اسی اخلاقی اصول کو ریاستی معاشی پالیسی پر بھی آزمانے کی ضرورت ہے۔

کیا ہم غلط کو صرف اس لیے قبول کر لیں کہ اب وہ معمول بن چکا ہے؟

یا ہم ادب تہزیب دلیل اور عوامی بیداری کی شکل میں یہ کہنے کی جرأت پیدا کریں گے کہ غلط، غلط ہے؛ خواہ اسے کوئی تاجر کرے، کوئی ادارہ کرے یا خود حکومت؟

یہی بھیڑ کا مذہب اور مردوں کا راستہ اختیار کرنے کے درمیان فرق ہے۔

اور شاید اسی لیے مولانا نے اپنے مضمون کا عنوان ایسا رکھا تھا جو نوّے برس بعد بھی ہمیں جھنجھوڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔