Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

اہم خبریں

حکومت اور سیاسی جماعتوں کے پاس غلطی کی گنجائش نہیں،سب کو مل کر کرونا سے لڑنا ہے،سینیٹر سراج الحق


لاہور 22مارچ 2020ئ
امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ اب حکومت اور سیاسی جماعتوں کے پاس غلطی کی گنجائش نہیں،سب کو مل کر کرونا سے لڑنا اور اپنی قوم کو محفوظ بنانے کے لیے ہر وہ کام کرنا ہوگا جس سے لوگوں کی زندگیاں بچائی جاسکیں۔کرونا سے خود بھی بچنا ہے اور اپنے ارد گرد موجود لوگوں کو بھی بچانا ہے۔ جماعت اسلامی اور الخدمت فاﺅنڈیشن نے اپنے تمام ہسپتال اور تین سو سے زائد ایمبولینسز عملے سمیت حکومت کو قوم کی خدمت کے لیے پیش کردیے ہیں۔یہ ہسپتال اور ایمبولینسز پوری قوم کے ہیں۔حکومت تنہا اتنی بڑی آفت سے نہیں لڑ سکتی۔ اس لیے تمام سیاسی جماعتوں اور ہر فرد کو مل کر اس کے خلاف اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہوگا۔ ہم ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل عملے کے جذبہ خدمت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ حکومت طبی عملے کے لیے کٹس کا انتظام کرے ۔ شب معراج میں قوم اجتماعی توبہ و استغفار اور خصوصی دعائیں کرے تاکہ اللہ تعالیٰ اس وبا سے ہمیں نجات دے دے ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے منصورہ ہسپتا ل میں 160 بستروں پر مشتمل آئسولیشن وارڈ کے افتتاح کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر نا ئب امیر معراج الہدٰی صدیقی ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل و نیشنل فوکل پرسن کرونا آگاہی و صفائی مہم اظہر اقبال حسن ، ایم ایس منصورہ ہسپتال ڈاکٹر انوار بگوی اور سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف بھی موجود تھے ۔
سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ کرونا وائرس سے غریبوں کو بچانے کے لیے حکومت ،سیاسی جماعتیں ، رفاہی ادارے اور مخیر حضرات کم از کم پندرہ دن کا راشن ان کے گھروں میں بھجوائیں ۔ لاک ڈاﺅن کرنے سے غریبوں کی مشکلات بہت زیادہ بڑھ جائیں گی ۔ حکومت 25 ہزار سے کم آمدن والے لوگوں کو بجلی اور گیس کے بل معاف کردے ۔ گھروں کے ماکان بھی انسانی ہمدردی کے تحت اپنے کرایہ داروں سے مارچ اور اپریل کا کرایہ نہ لیں تاکہ لوگوں کو سہولت دی جاسکے ۔ انہوں نے کہاکہ کروناسے بچاﺅ کے لیے وفاقی سطح پر ایک پالیسی بنائی جائے اور صوبے بھی اسی پالیسی کو لے کر چلیں ۔ وفاق اور صوبوں میں مختلف پالیسی کی وجہ سے مشکلات پیش آرہی ہیں اور قومی یکجہتی کو بھی نقصان کا احتمال ہے ۔ یہ کوئی اٹھارویں ترمیم کا مسئلہ نہیں ، کرونا سے حفاظت کے لیے مشترکہ حکمت عملی کو آگے بڑھانا چاہیے ۔ چاروں صوبے مرکزکی طرف سے دی گئی ہیلتھ پالیسی پر عمل کریں ۔ انہوں نے کہاکہ شب معراج کی رات کو ضائع نہ کریں ، رات کی تاریکی اور دن کی روشنی میں سب کے لیے خیرو عافیت کی دعائیںکریں ۔
سینیٹر سراج الحق نے دوحہ ایئر پورٹ پر پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی فوری مدد کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ دوحہ میں پاکستانی سفارتخانے کو اپنے شہریوںکی رہائش اور خوراک کا انتظام کرنا چاہیے ۔ انہوںنے حکومت قطر سے بھی اپیل کی کہ پاکستا نیوں کو اپنا سمجھ کر ان کی مدد اور تعاون فراہم کیا جائے ۔ انہوںنے کہاکہ افواج پاکستان نے جس طرح زلزلہ اور سیلاب میں مدد کی تھی، اب بھی حکومت اور سول انتظامیہ کی مدد کریں۔ انہوںنے کہاکہ حکومت آخری لمحوں کی بجائے پہلے لمحے پر ہی متاثرین کی مدد کرے ۔ دانائی اور عقلمندی کا تقاضا ہے کہ سانحہ اور حادثہ سے پہلے اپنے فرض ادا کیا جائے ۔ انہوںنے کہاکہ الخدمت کے رضا کاروں نے ملک بھر میں نادار اور مستحق گھرانوں میں راشن پہچانے کا کام شروع کردیاہے ۔ حکومت کے اعدادو شمار کے مطابق آبادی کے لیے وسائل کم ہیں حکومت تنہا کام نہیں کر سکتی اس لیے پرائیویٹ ہسپتال حکومت کی مدد کریں اور اپنا عملہ اور آلات وغیرہ حکومت کو پیش کریں ۔
 

Youtube Downloader id

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں



سوشل میڈیا لنکس