Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

اہم خبریں

جماعت اسلامی ملک میں انتظامی بنیادوں پر نئے صوبوں کا قیام چاہتی ہے،محمد جاوید قصوری


تاریخ:12مارچ 2020
لاہور ( )امیرجماعت اسلامی صوبہ پنجاب وسطی و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کے حوالے سے قومی اسمبلی میں بل لانے کا اعلان کرنے پر خیر مقدم کرتے ہیں۔ جنوبی پنجاب کے ساتھ ساتھ بہاولپور کو بھی صوبائی حیثیت دی جائے۔ اس وقت جنوبی پنجاب کے اضلاع میں 4کروڑ افراد بستے ہیں۔ وفاق آئینی ترمیم کرکے ان کو حقوق دے۔ جماعت اسلامی ملک میں انتظامی بنیادوں پر نئے صوبوں کا قیام چاہتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روزلاہور میں مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ انتظامی یونٹس جس قدر زیادہ ہوں گے۔ عوام کو درپیش مسائل اس قدر کم ہوں گے اور ملک دفاعی لحاظ سے بھی مضبوط ہوگا۔بہت سارے ممالک کی کامیاب مثالیں ہمارے سامنے ہیں۔ جنوبی پنجاب کے لوگوں کو اپنا کام کروانے کے لیے دور دراز کے علاقوں سے لاہور کا رخ کرنا پڑتا ہے۔ سرکاری دفاتر کے مسلسل چکر لگانے کے باوجود ان کا کام نہیں ہوتا۔ جنوبی پنجاب کے عوام ترقی کے حوالے سے بہت پیچھے ہیں۔ وہاں لوگوں کو صحت، تعلیم اور روزگار کی بنیادی سہولیات تک میسر نہیں۔ پینے کا صاف پانی تک دستیاب نہیں ہوتا۔جاگیرداروں، وڈیروں نے جنوبی پنجاب کے عوام کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجوہ حکومت کے پاس جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کا مینڈیٹ نہیں۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں سیاست سے بالا تر ہو کر جنوبی پنجاب کے عوام کیلئے سوچیں۔اور انہیں آئینی و قانونی حق دیا جائے۔ جنوبی پنجاب کے عوام فاقہ کشی اور محرومیوں کے باوجود پنجاب اور پاکستان بھر کو اناج فراہم کررہے ہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ جنوبی پنجاب کے عوام کو درپیش مسائل ان کی دہلیز پر حل کیے جائیں۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہاکہ حکمرانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اہم ایشوز کو سیاست کی نذر ہونے سے بچائیں۔
 

Youtube Downloader id

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں



سوشل میڈیا لنکس