Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

جرمن سفیر کی منصورہ میں جماعت اسلامی کے رہنماﺅں سے ملاقات


 جرمن سفیر کی منصورہ میں جماعت اسلامی کے رہنماﺅں سے ملاقات 

لاہور؛13نومبر؛2019۔ جرمن سفیر برن ہارڈ سٹیفن شلیگ ہیگ نے منصورہ میں جماعت اسلامی کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم ، نائب امراءلیاقت بلوچ ، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ڈائریکٹر امور خارجہ عبدالغفار عزیز ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد اصغر شامل تھے ۔ قریباً ایک گھنٹہ جاری رہنے والی ملاقات میں عالمی ، علاقائی اور خصوصاً کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو ختم کیے بغیر خطے میں امن قائم نہیں ہوسکتا ۔ عالمی برادری اور حقوق انسانی کی عالمی تنظیموں کو کشمیر میں جاری کرفیو کے خاتمہ کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔ جرمن سفیر نے کہاکہ ہماری حکومت کی بھی کشمیر کے حالات پر گہری نظر ہے ۔ ہم کشمیر کا پرامن حل چاہتے ہیں۔ 
دریں اثنا لیاقت بلوچ نے طلبہ ، نوجوانوں اور اقلیتوں کے وفد سے گفتگو اور سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہاکہ میاں نوازشریف کی صحت پرنااہل حکومت نے سیاسی دھندا کیا ، خود ہی الجھاﺅ کا شکار ہوگئی ہے ۔ میری رائے ہے کہ میاں نوازشریف کو علاج کے لیے باہر جانے سے انکار کردینا چاہیے ، زندگی موت حکومتوں کا نہیں اللہ تعالیٰ کا اختیار ہے۔ پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق محفوظ ہیں ۔ جماعت اسلامی محب وطن اقلیتوں کو پاکستان کے بااعتماد شہری تسلیم کرتی ہے ۔ ہندوستان میں بابری مسجد مقدمہ کے فیصلہ نے ثابت کردیا ہے کہ وہاں مسلمان دوسرے درجے کے شہری ہیں ۔جموں و کشمیر میں کشمیریوں پر مظالم سے عیاں ہے کہ نریند ر مودی بھارت کے سیکولر چہرے کو بے نقاب کررہاہے ، انسانی حقوق کی انہیں کوئی پروا ہ نہیں ۔نریندر مودی خطہ میں امن ، خوشحالی اور استحکام کی بجائے صرف اور صرف اپنے سیاسی مقاصد کے تحت جموں و کشمیر کو ہڑپ کرنے اور بابری مسجد کی جگہ رام مندر کی تعمیر کے ہدف پورے کر رہے ہیں ۔ پاکستان میں مسلم اور اقلیتوں کا باہمی اتحاد و اعتماد دنیا کے لیے مثال بنائیں گے ۔
لیاقت بلوچ نے کہاکہ نااہل ، کرپٹ اور کھلنڈرے حکمرانوں کی وجہ سے ہر دور میں نوجوان نسل کو نظر انداز کیا گیاہے ۔ جماعت اسلامی طلبہ اور نوجوان نسل کو اسلامی ، خوشحال اور مستحکم پاکستان کی اہم بنیاد سمجھتی ہے ۔ تعلیمی اور تحقیقی بجٹ میں اضافہ ، طلبہ کے جمہوری حقوق کی بحالی قومی ضرورت ہے ۔ یہ وقت ہے کہ طلبہ اور طالبات کو عزت دی جائے ۔ نوجوانوں پر اعتماد کیا جائے ، ہم نوجوانوں کی طاقت سے ملک بھر کو بحرانوں سے نجات دلائیں گے ۔ 
 
Youtube Downloader id

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں



سوشل میڈیا لنکس