Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

5فروری کو پوری قوم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرے گی۔سینیٹر سراج الحق


لاہور یکم فروری 2019ء:امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ 5فروری کو پوری قوم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ملک بھر میں احتجاجی ریلیاں جلسے جلوس اور مظاہرے کرے گی۔ پاکستان کو ریاست مدینہ بنانے کے دعویداروں نے عوام کیلئے اللہ کے گھرکے حج اور روضہ رسول ﷺ کی زیارت جیسی عبادت کو بھی مشکل بنا دیا ہے ،حکومت نیکی کے راستے بند اور بدی کے راستے کھول رہی ہے ۔سینما گھروں وسعت دینے کی بات کی جارہی ہے ۔حجاج کرام سے کئی گنا زیادہ کرائے وصول کئے جارہے ہیں ۔ حجاج اللہ کے گھر اور روضہ رسول ﷺ پر حاضر ہوکر ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کی دعائیں کرتے ہیں اور حکمران ایوانوں میں بیٹھ کر ان کی مشکلات کو بڑھانے کے منصوبے بناتے ہیں ۔اگر ہندوستان ،بنگلا دیش اور افغانستان جیسے ملک اپنے حجاج کو سبسڈی دیتے ہیں تو ہمارے حکمران انہیں کیوں پرپشان کررہے ہیں۔افغانستان جیسا جنگ زدہ اور غریب ملک اپنے حاجیوں کو ہر سہولت دے رہا ہے جبکہ ہمارے حکمران پہلی سہولتیں بھی چھین رہے ہیں ۔افغانستان میں حج اخراجات دو ہزار سات سو ریال ہیں جبکہ پاکستان میں اس سے تین گنا زیادہ وصول کئے جارہے ہیں۔کشمیر فوج کا نہیں پاکستان اور پاکستانی قوم کا مسئلہ ہے ۔آج تک کسی حکومت نے مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کی سنجیدہ کوشش نہیں کی۔کشمیر پر کل کی طرح آج بھی خاموشی ہے ۔سری نگر میں تو زندگی ہے مگر اسلام آبادسنگ مرمر کا قبرستان بن چکا ہے ۔حکمران کشمیر میں بہنے والے خون اور بہنوں بیٹیوں اورماؤں کی عصمت دری پر بھی اندھے گونگے اور بہرے بنے ہوئے ہیں ۔1990سے 2018تک 95ہزار کشمیریوں کو شہید کیا گیا۔حکومت بھارت سے دوستی اور مذاکرات کی بھیک مانگ کر کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کررہی ہے ۔بھارت جب تک کشمیریوں کو حق خود ارادیت نہیں دیتا اس کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہوسکتے ۔حکومت اب تک کشمیر کمیٹی کا چیئرمین مقرر نہیں کرسکی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب اورالحمراء قذافی اسٹیڈیم میں جے آئی یوتھ لاہور کے زیر اہتمام کشمیری نمائش کے افتتاح کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پرصدر جے آئی یوتھ زبیر گوندل ،امیر جماعت اسلامی لاہور ذکراللہ مجاہد ،سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان قیصر شریف ، صدر جے آئی یوتھ لاہور صہیب شریف ودیگر عہدیداران بھی موجود تھے ،سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکمرانوں کا رویہ بھارت کے ساتھ دوستانہ اورکشمیر یوں کے ساتھ سوتیلی ماں کا ہے ۔ ہم جب مغربی اور یورپی ممالک کے سفیروں کے ساتھ مسئلہ کشمیر کے حل کی بات کرتے ہیں تو وہ پاکستانی حکمرانوں کے رویے کا گلہ کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ جب مدعی سست ہو تو گواہ کیسے چست ہوسکتا ہے ۔پاکستان پانچ سال تک سلامتی کونسل کا رکن رہا مگر ایک بار بھی اس نے عالمی سطح پر اس مسئلے کے حل کی کوشش نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں کی طرح موجودہ حکومت بھی کشمیریوں کے ساتھ بے وفائی کررہی ہے ۔کشمیر ی پاکستان کی بقا اور تکمیل کی جنگ لڑ رہے ہیں ،لاکھوں شہداء نے پاکستان کیلئے اپنا خون پیش کیا ہے۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ جے آئی یوتھ لاہور کے زیر اہتمام لگائے جانے والی اس نمائش کا مقصد شہریان لاہور میں کشمیری مسلمانوں بھائیوں کی جدوجہد آزادی کی لازوال قربانیوں اور بھارتی مظالم کو اجاگر کرنا ہے ۔ جماعت اسلامی لاہور کشمیری مسلمان بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ہفتہ کشمیر بھرپور طریقے سے منارہی ہے ۔ اس 2 روزہ تصویری نمائش کے ساتھ ساتھ شہر کی یونین کونسلز اور وارڈز کی سطح پر سیمینارز ، شہر کے مشہور چوکوں اور شاہراؤں پر یکجہتی کشمیر کیمپوں کا انعقاد کیا جارہا ہے اور 5 فروری کومال روڈ پر عظیم الشان کشمیر مارچ ہو گا جس میں شہریان لاہور کے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سمیت بڑی تعداد میں خواتین اور بچے شریک ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور عالمی برداری کو کشمیری مسلمانوں کی آزادی کے لیے آخر کار اپنا کردار ادا کرنا ہی ہوگا ۔ انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری مسلمان آزادی کا سورج طلوع ہوتا دیکھیں گے ۔ جماعت اسلامی سمیت پوری پاکستانی قوم کشمیری مسلمانوں کی پشتی بان ہے ۔

Youtube Downloader id

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں



سوشل میڈیا لنکس