Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

رسائل و مسائل

تزکیہ نفس کی حقیقت

سوال: : ۱۔ تزکیہ نفس کی صحیح تعریف کیا ہے؟ اس بارہ میں رسول اللہﷺ کی تعلیم کیاتھی؟ متصوفین کا اس سسلہ میں صحیح عمل کیا رہا ہے؟ نیز ایک مسلمان کو اپنی زندگی کے اس شعبہ میں کیا صورت اختیار کرنی چاہئے؟
ب۔ کیا صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین بھی آج کل کے صوفیا کی طرح تزکیہ نفس کیا کرتے تھے اور عالم بالا کے مشاہدات ہوتے رہتے تھے؟

جواب: سوال کے پہلے جزو کے جواب میں یہ ذہن نشین کرلیجئے کہ عربی زبان میں تزکیہ نفس کا لفظ دو معنوں میں استعمال ہوتا ہے، ایک پاک صاف کرنا، دوسرے بڑھانا اور نشونما دینا۔ اس لفظ کوقرآن مجید میں بھی انہی دونوں معنوں میں استعمال کیا گیا ہے پس تزکہ کا عمل دو اجزاءسے مرکب ہے۔ ایک یہ کہ نفس انسانی کو انفرادی طور پر اور سوسائٹی کو اجتماعی طور پر ناپسندیدہ صفات اور بڑی رسوم و عادات سے پاک صاف کیاجائے۔ دوسرے یہ کہ پسندیدہ صفات کے ذریعہ سے اس کو نشونما دیا جائے۔
اگر آپ قرآن مجید کواس نقطہ نظر سے دیکھیں اور حدیث میں اور کچھ نہیں تو صرف مشکوة ہی پر اس خیال سےنظر ڈال لیں تو آپ کو خود معلوم ہوجائےگا کہ انفرادی اور اجتماعی زندگی میں وہ کونسی ناپسندیدہ صفات ہیں جن کو اللہ اوررسولﷺ دور کرنا چاہئے ہیں اوروہ کونسی پسندیدہ صفات ہیں جن کو وہ افراد اور سوسائٹی میں ترقی دینا چاہتے ہیں۔ نیز قرآن مجید و حدیث کے مطالعہ ہی سے آپ کو ان تدابیر کی بھی پوری تفصیل معلوم ہوجائے گی جو اس غرض کے لئے اللہ تعالیٰ نے بتائی ہیں اور اس کےرسول نے استعمال کی ہے۔
اہل تصوف میں ایک مدت سے تزکیہ نفس کاجومفہوم رائج ہوگیا ہے اور اس کےجوطریقے عام طور پر ان میں چل پڑے ہیں وہ قرآن وسنت کی تعلیم سے بہت ہٹے ہوئے ہیں۔
دوسرے جزو کا جواب یہ ہے کہ صحابہ کرامؓ نے تو عالم بالا کے معاملہ میں صرف رسولﷺ کے اعتماد پر غیب کی ساری حقیقتوں کو مان لیا تھا اس لئے مشاہدے کی نہ ان کو طلب تھی اور نہ اس کے لئے انہوں نے کوئی سعی کی۔ وہ بجائے اس کے کہ پردہ غیب کے پیچھے جھانکنے کی کوشش کرتے، اپنی ساری قوتیں اس جدوجہد میں صرف کرتے تھے کہ پہلے اپنے آپ کو اور پھر ساری دنیا کوخدائے واحد کا مطیع بنائیں اور دنیا میں عملاً وہ نظام حق قائم کردیں جو برائیوں کو دبانے اور بھلائےوں کو نشونما دےنے والا ہو۔
(ترجمان القرآن۔ رجب، شعبان ۴۶ ھ۔ جولائی، اگست)
 

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں









سوشل میڈیا لنکس