Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

اردو کو سرکاری زبان قرار دینے کے بارے میں قرارداد


جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی مجلس شورٰی کا یہ اجلاس حکمران طبقے اور افسر شاہی کی جانب سے عدالت عظمیٰ کے تاریخ ساز فیصلے کے باوجود اُردو کو قومی زبان کی حیثیت سے رائج کرنے اور دفتری و سرکاری زبان کے طور پر اپنانے میں مسلسل لیت و لعل سے کام لینے پر تشویش کا اظہار کرتاہے کیونکہ 1973ء آئین کی دفعہ 251کے مطابق 1988ء تک ہر صورت میں اُردو کو دفتری اور سرکاری زبان کے طور پر رائج کرنا لازمی قراردیاجا چکاہے۔ قومی زبان اُردو،عوامی سطح پرابلاغ ،تعلیم ،کاروبار مملکت میں موثر احساس شرکت کے ساتھ ساتھ قومی زندگی کی تشکیل ، تہذیب ، یکجہتی اور تمام صوبوں میں رابطے کے لیے بنیادی اہمیت کی حامل ہے ۔ جدید علوم و فنون میںبھی قومی ترقی کا دروازہ اس وقت تک نہیں کھل سکتا جب تک ہم چند ماہرین پر انحصار کرنے کے بجائے عوامی شعور کو جدید سائنسی تصورات سے آشنا نہیں کر دیتے جو ظاہر ہے کہ کسی بیرونی زبان پر تکیہ کرنے کے بجائے عام فہم اردو کے ذریعے کروڑوں عوام تک ان سائنسی معلومات کی اشاعت کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ اردو کی قومی اور سرکاری حیثیت قطعی طور پر طے شدہ ہے اور اسے آئینی تحفظ بھی حاصل ہے ۔
اب جبکہ عدالت عظمیٰ پاکستان کا فیصلہ ہوئے بھی ایک سال گزر چکا ہے۔ لیکن اس پر عملدرآمد کے لیے حکومتی کوششیں حددرجہ سست روی اور بدنیتی کا مظہر ہیں۔ نفاذ اردو کے لیے سب سے بڑا خطرہ اور رکاوٹ ایسے ارباب اختیار ہیں جن کا جنم انگریز نگری میں اور پرورش مغربی ماحول میں ہوئی ہے اور اردو پڑھنے اور لکھنے سے نابلداور احساس کمتری کاشکار یہ طبقہ قوم کو روشن خیالی کے نام پر قومی تہذیب سے بیگانہ کرنے میں مصروف عمل ہے۔ ایسے سرکاری اور درباری ارباب اختیار کی سرپرستی اورکثیر الملکی اداروں کی آشیر باد سے ہماری تفریح ، خوراک ، لباس ، وضع قطع ، تمدن اور تہذیب کی بنیادیں تبدیل کرتے ہوئے ہمارے عقائد کو متزلزل کرنے کی کوششیںکی جاری ہیں۔
جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی مجلس شورٰی کا یہ اجلاس حکومت سے مطالبہ کرتاہے کہ وہ سابقہ دور آمریت کے دوران تعلیم ، نشرواشاعت ، عدلیہ اور اقتدار کی غلام گردشوں میں پروان چڑھنے والی روشن خیالی کی بیمار ذہنیت سے چھٹکارا حاصل کرے ۔ آئینی تقاضے کو مدنظررکھتے ہوئے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں اُردو کو، سیاسی، کاروباری ، عدالتی اور حکومتی میدان میںعملاً رائج کیاجائے۔تعلیم کے میدان میں تمام سرکاری اور پرائیویٹ تعلیمی اداروں کو نرسری اور پرائمری کی سطح پر اُردو بولنے اور لکھنے کاپابند بنایاجائے۔ تمام ریاستی حکام اور اہلکاروں کو سرکاری امتحان ،مباحث ، حکومتی کاروائیاں اور عدالتی فیصلے اردو میںتحریر کرنے کا پابند کیا جائے تاکہ ایک خود مختاراور با وقار قوم کی حیثیت سے ہماری شناخت ہوسکے۔

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں









سوشل میڈیا لنکس