Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

اہم خبریں

قراردادبرائے تعلیمی صورتحال


جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کایہ اجلاس ملک میں تعلیمی شعبے کی زبوں حالی اور حکومت کی مسلسل غفلت پر افسوس کا اظہار کرتاہے۔ ہمارے ہاں تعلیم کاکوئی قبلہ ہی متعین نہ ہوسکا ،حالانکہ ایک نظریاتی ملک کانظام تعلیم مکمل طور پر اس کے نظریے کی روشنی میں متعین ہوناچاہیے تھا۔

 وطن عزیز میں اب تک نوتعلیمی پالیسیاں تشکیل پا چکی ہیں، لیکن سب کا حاصل یہ ہے کہ نہ ہی خواندگی عام ہوپائی ہے ، نہ تعلیم کا معیار بہتر ہوا ، نہ آج تک قومی اُمنگوں سے ہم آہنگ نظام تشکیل پاسکا ۔ اس کے برعکس رنگار نگ نصاب اور نظام ہائے تعلیم نے پاکستان کے شعبہ تعلیم کو تضادات سے بھردیا ہے۔

 ٭      بیرونی دباﺅ پر نظام تعلیم اور نصاب تعلیم سے اسلامی و اخلاقی عناصر کو کھرچ کھرچ کر خارج کرنے کی بارہا کوششیں کی گئیں۔ خیبرپختونخوا اور صوبہ پنجاب میں قرآنی آیات کو نصاب سے خارج کیا گیا، جس کو بعد میں عوامی دباو پر واپس لیا گیا۔ پرائمری تعلیم جو کہ بنیادی اور اساسی حیثیت رکھتی ہے، مختلف حکومتوں غلط اور احمقانہ فیصلوں کی وجہ سے تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی ہے۔ پاکستان اس وقت آبادی کے لحاظ سے دنیا کا چھٹا بڑا مُلک ہے، لیکن تازہ ترین رپورٹ کے مطابق اس وقت پاکستان میں 5سال سے16سال کی عمر کے ڈھائی کروڑ بچے تعلیم سے محروم، سکولوں سے باہر ہیں۔تعلیم سے محروم بچوں کی سب سے زیادہ شرح بلوچستان میں ہے جہاں 66فی صد بچے باقاعدہ کسی تعلیمی ادارے میں نہیں جاتے۔دوسرے نمبر پر فاٹاہے جہاں 62فی صد بچوں کو کسی تعلیمی ادارے میں پڑھنے کی سہولت میسر نہیں۔اسی طرح سندھ میں 51فی صد،پنجاب میں 47 فی صد ،گلگت بلتستان میں 43فی صد،خیبر پختون خوامیں 34فی صد بچے تعلیمی اداروں سے باہر ہیں۔

٭       31دسمبر 2015ئ تعلیم سے متعلق میلینیم ڈیویلپمنٹ گول کے حصول میں پاکستان بری طرح ناکام ہواہے۔2015 ءکے ایجوکیشن فار آل ڈیویلپمنٹ انڈکس کے مطابق113ممالک میں سے پاکستان کا نمبر 106واں ہے۔یعنی تعلیم کے معاملے میں پاکستان سے صرف سات ممالک پست ہیں۔ انفراسٹرکچر کا عالم یہ ہے کہ بحیثیت مجموعی پاکستان کے 43فی صد پرائمری سکول بجلی،36فی صد پانی،35فی صدواش روم اور32فی صد چاردیواری سے محروم ہیں اور 43فی صدکی عمارتیں اطمینان بخش نہیں ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پالیسی سازی میں بدعنوانی کا دور دورہ ہے اور سنجیدہ طرزِ فکر ناپید ہے۔ 

٭       ملک میں کئی قسم کے نظام ہائے تعلیم رائج ہونے کی وجہ سے ذہنی،سماجی اور معاشی طور پر قوم کو مختلف طبقات میں تقسیم کر دیا گیا ہے۔ سرکاری تعلیمی اداروں میںعدم توجہی، کرپشن اور نااہلی کی وجہ سے معیارِ تعلیم خطرناک حد تک گرگیاہے۔ جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی مجلس شوریٰ کا یہ اجلاس پورے یقین کے ساتھ یہ سمجھتا ہے کہ پاکستان کے مستقبل کو محفوظ اور شاندار بنانے کے لےے حکومت کو درج ذیل امور پر فوری توجہ دینے اور اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

(1)     پاکستان کے اساسی نظریات ،قومی اُمنگوں اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ایک مستقل قومی تعلیمی پالیسی تشکیل دی جائے۔

(2)۔ سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں اسلام کی تعلیمات کے مطابق یکساں نظام تعلیم رائج کیا جائے۔

(3)     پاکستان کے نظامِ تعلیم کی اسلامی تشکیل کے لیے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کے آرٹیکل نمبر31 کے مطابق اقدامات کیے جائیں اور ایجوکیشن ایکٹ 1976ءکو تعلیمی پالیسی کا حصہ بنایا جائے، جس کی رو سے نصابات و درسی کتب میں اسلام کے خلاف کوئی مواد شامل نہیں کیا جا سکتا۔

(4)     تعلیم کو بنیادی ترجیحات میں سرفہرست رکھا جائے۔بہترین اور لائق افراد کو تعلیم کی وزارت اور محکموں کا چارج دینا اور ہر سطح کے بجٹ میں تعلیم و تحقیق پر زیادہ سے زیادہ رقم مختص کرنا بھی اس میں شامل ہے۔ جو جی ڈی پی کا تقریباً 5فیصدبنتا ہے۔

(5)     آئین کے آرٹیکل 25-اے کے تحت 5 تا 16 سال کی عمر کے بچوں اور بچیوںکی لازمی مفت تعلیم کے لیے فنڈز مختص کیے جائیں اور صوبوں کو اس فنڈ کے مجوزہ استعمال کا پابند بنایا جائے۔

(6)     صوبوں کو اعتماد میں لے کر،نصاب سازی کا کام پہلے کی طرح وفاق کے سپرد کیاجائے۔

(7)     جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ،ایسا نصاب تشکیل دیا جائے جو بچوں کی تخلیقی اور تحقیقی صلاحیتوں کو پروان چڑھائے۔

 (8) میلینیم ڈویلپمنٹ گولز کے حصول میں ناکامی کی وجوہات سامنے لائی جائے اور ان کی روشنی میں 100 فی صد بچوں کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کرنے کے لےے ٹھوس منصوبہ بندی کی جائے جس پر عمل درآمد کا ہر تین مہینے بعد جائزہ لیا جائے۔

(9)۔معیار تعلیم کی بہتری کے لیے پرائمری تعلیم پر خصوصی توجہ دی جائے۔اس مقصد کے لیے تربیت اساتذہ اورنصاب سازی کے ضمن میں انقلابی اقدامات کی ضرورت ہے۔ قومی زبان کو اصل مقام دلانے کے لیے سپریم کورٹ کے فیصلے پر دیانت اور تند ہی سے عمل کےاجائے اور اس مقصد کے لیے بنائے ہوئے اداروں کو فعال بنایاجائے اوراردو کو فوری طور پر ذریعہ تعلیم بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیںاورمقابلے کے امتحانات (سی ایس ایس ) اُردو زبان میں لیے جائیں اعلیٰ عدلیہ ،پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں کی کارروائی اُردو زبان میں مرتب کی جائے۔

(10)صوبوں کی سطح پر علاقائی زبانوں کی ترقی وترویج کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔ صوبہ پنجاب میں گزشتہ دور کے انگریزی کو جبری طور پر نافذ کرنے جیسے مہلک و مفسدانہ اقدامات کو واپس لیا جائے۔

11))   اساتذہ کی بھرتی، مشاہروں، تربیت اور ترقی کا ایسانظام وضع کیا جائے جس کی رو سے معلم کو اس کا اصل مقام مل جائے اور نسل نو کے لیے پیشہ معلمی ترجیح اول قرار پائے۔

(12)   اس سال کے آخر تک ہنگامی بنیادوں پر تعلیمی اداروں کے لیے عمارت، بجلی ،پانی اور واش روم جیسی بنیادی سہولتوں کا اہتمام کیا جائے۔

(13)   خواتین کو بہتر اور آزادانہ تعلیمی ماحول مہیا کرنے کے لےے، ان کے الگ تعلیمی ادارے اور یونیورسٹیاں قائم کی جائیں۔

(13)   اعلیٰ اور پیشہ وارانہ تعلیم کے اداروں میں غریب اور نادار طلبہ وطالبات کو مفت تعلیم فراہم کی جائے۔انٹری ٹیسٹ کو ختم کیاجائے اور بورڈزکے امتحانات میں حاصل کردہ نمبر اور اس سے قبل کے امتحانی نتائج کو داخلے کا معیار قرا ر دیاجائے۔

(14)   پرائیویٹ تعلیمی اداروں کافروغ اور کامیابی متعلقہ مرکزی و صوبائی محکموں کی عدم اہلیت ، کمزور گورننس اور عوام الناس میں معیاری تعلیم کے لیے پائے جانے والے خلاکا ایک منطقی نتیجہ ہے ۔ اس عمل کو حکمت، احتیاط اور قومی تقاضوں کے تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے۔ تاہم نصاب تعلیم، فیسوں، معیارِ تعلیم اور بنیادی سہولتوں کے سلسلے میں قابل عمل اور متوازن قانون سازی کی جائے۔ فیسوں میں اضافے کے ایشوپرحکومت پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی مشاورت سے ایسے متوازن اقدامات طے کرے جو والدین اور پرائیویٹ تعلیمی اداروں

 دونوں کے لیے قابل قبول ہوں۔

(15)تحقیق کے کلچر کو فروغ دینے کے لےے مناسب بجٹ کے ساتھ ہر صوبے میں اکیڈمی آف ایجوکیشنل پلاننگ اینڈ مینجمنٹ کی طرز پر اداروں کا قیام عمل میں لایا جائے۔

(16)۔عالمی اداروں اور بیرونی ممالک سے آنے والی تعلیمی امداد کو اپنی حقیقی ضروریات اور قومی تقاضوں کے تناظر ہی میں قبول کیا جائے۔

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں









سوشل میڈیا لنکس