Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

اہم خبریں

حکمرانوں کے بیانات اور تقریروں سے کشمیریوں کی پریشانیوں میں کوئی کمی نہیں آرہی۔سینیٹرسراج الحق


لاہور11ستمبر 2019ء:امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ شہادت امام حسین ؓ حق پر ڈٹ جانے اور باطل کے سامنے سر نہ جھکانے کا درس دیتی ہے۔ حضرت امام حسین ؓ کی قربانی نہ صرف امت مسلمہ بلکہ پوری انسانیت کے لیے ہدایت اور رہنمائی کا ذریعہ ہے۔ حق و باطل کی کشمکش میں فتح ہمیشہ حق کی ہوتی ہے۔ پاکستان اپنے نظریے پر قائم رہے گا۔ لاالہ الا اللہ کی خاطر جانیں قربان کرنے والوں کی اولاد یں ملک کو سیکولر اور لبرل ازم کے حوالے کرنے کی اجازت نہیں دیں گی۔ ملک پر ظلم و جبر اور استحصال کا نظام ہے اس نظام کو صرف جماعت اسلامی تبدیل کر سکتی ہے۔ کرپشن اور لوٹ کھسوٹ کے نظام نے عوام سے جینے کا حق چھین لیاہے۔ احتساب کے نام پر عوام کو دھوکا دیا گیا۔ جن کا احتساب ہونا تھا، وہ خود حکومت میں بیٹھے ہیں۔ حکمرانوں کے بیانات اور تقریروں سے کشمیریوں کی پریشانیوں میں کوئی کمی نہیں آرہی۔ 37 دنوں کے کرفیو سے کشمیر میں ایک بڑا انسانی المیہ جنم لے رہاہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ہماری لڑائی کسی فرد یا جماعت کے ساتھ نہیں، کرپشن اور کرپٹ نظام کے ساتھ ہے۔ موجودہ اور سابقہ حکومتوں میں کوئی فرق نہیں۔حکومت میں سابقہ حکومتوں کے وزیر مشیر ہی بیٹھے ہیں اور کہتے ہیں کہ بڑی تبدیلی آگئی ہے اور اب پورا نظام بدل جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ چہرے بدلنے سے نظام نہیں بدلتا اور یہاں تو چہرے بھی وہی پرانے ہیں۔ یہ سابقہ حکومتوں کا ہی تسلسل ہے۔ انہوں نے کہاکہ عوام کہتے ہیں کہ کرپشن میں کمی آنے کی بجائے اضافہ ہوگیاہے سابقہ حکومتوں میں لوگ ناجائز کام کے لیے رشوت دیتے تھے مگر موجودہ حکومت میں تو جائز کام بھی رشوت کے بغیر نہیں ہوتا۔ تھانوں میں جنگل کا قانون ہے۔ ہر روز تشدد سے ہلاکتوں کی خبریں آتی ہیں۔ تھانوں اور پٹوار خانوں میں ظلم جاری ہے۔ دفتروں میں ہر فرد کی تذلیل ہوتی ہے۔ وہی سودی معیشت اور آئی ایم ایف کی غلامی ہے۔ مزدور پہلے 15 ہزار روپے میں گزارا کرتا تھا اب 25 ہزار میں بھی گزارا نہیں ہوتا اور حکومت نے مزدر کی تنخواہ 18 ہزار مقرر کر رکھی ہے۔
سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ تبدیلی کے نام پر لوگوں کو دھوکا دیا گیاہے۔ ایک کروڑ نوکریاں پچاس لاکھ گھروں اور ڈالر کی قیمت اور درآمدات میں کمی اور ر وپے کی قدر اور برآمدات میں اضافے کے بڑے بڑے خواب چکنا چور ہوچکے ہیں۔ نوجوان نوکریاں نہ ملنے کی وجہ سے ڈگریاں جلانے پر مجبور ہیں۔ پٹرول اور ڈیزل کو 65 روپے پر فکس کرنے والوں نے اس کی قیمت دوگنا کردی ہے۔ حکومت نے وعدہ کیا تھاکہ ہم انصاف دیں گے مگر انصاف کے لیے لوگ مار ے مارے پھر رہے ہیں۔ حکمران یوٹرن لینے کو کمال اور بڑے لیڈر کی نشانی قرا ر دیتے ہیں۔
سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ بین الاقوامی ادارے ہماری دیانتداری، جمہوریت پسندی اور عوامی خدمت کی گواہی دے رہے ہیں اور اعتراف کرتے ہیں کہ جماعت اسلامی کے کسی کارکن پر کرپشن کا کوئی دھبہ نہیں۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کے بارہ سو سے زائد پی ایچ ڈی ڈاکٹرز کی ٹیم ہے جو تعلیم، صحت، زراعت، صنعت اور معیشت کے شعبوں میں اپنی مہارت کا لوہا منواچکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے احتساب کا نعرہ ہی نہیں لگایا بلکہ خود کو ہر جگہ احتساب کے لیے پیش کیا۔ انہوں نے کہاکہ اصل متبادل ہم ہیں۔ ہمارے پاس ایک متبادل نظام ہے۔ جماعت اسلامی اس وقت بارہ ہزار سے زائد یتیم بچوں کی پرورش کر رہی ہے۔ ایک لاکھ سے زائد طلبہ و طالبات ہمارے اداروں میں زیر تعلیم ہیں۔ 67 لاکھ لوگوں کو ہم نے ایک سال میں علاج معالجے کی مفت سہولت دی ہے۔ حکومت میں آ کر ہم پورے نظام کو ٹھیک کریں گے۔

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں



سوشل میڈیا لنکس