Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

اہم خبریں

6ستمبر قومی تاریخ کا یاد گار اور قابل فخر دن ہے ۔لیاقت بلوچ


لاہور6ستمبر2019ء:نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے یوم دفاع اور آل پارٹیز کے زیر اہتمام یکجہتی کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 6ستمبر قومی تاریخ کا یاد گار اور قابل فخر دن ہے ۔65ء افواج پاکستان اورپوری قوم نے بے مثال اتحاد کے ساتھ ہندوستان کو شکست سے دوچار کیا تھا ۔آج ایک بار پھر ہندوستان نریندر مودی کی قیادت میں پاکستان پر حملہ کرچکا ہے ۔بھارت کشمیریوں پر ظلم وبربریت کے پہاڑ توڑ رہا ہے ۔کشمیری 70سال سے پوری استقامت کے ساتھ کھڑے ہیں اور اعلان کررہے ہیں کہ ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہی کرفیو میں محصور مظلوم کشمیریوں کیلئے ایک امید ہے ۔پاکستان کیلئے بھی کشمیر لازم و ملزوم ہے ۔کشمیر پر سودے بازی غداری ہوگی ،سودے بازی کرنے والا پاکستان پر حکمرانی کا حق کھودے گااور عوام کے غیض و غضب کا نشانہ بنے گا۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ کشمیر وقت کے یزید مودی کے نرغے میں ہے ۔ اقتدار کی ہوس ،ہندوتوا کے لالچ اور تکبر و غرور میں کشمیر یوں پر عرصہ حیات تنگ کردیا گیا ہے ۔33دنوں سے کرفیو کے عقوبت خانہ میں اسی لاکھ انسان موت و حیات کی کشمکش میں ہیں ۔مودی اپنے تکبر کی وجہ سے ہندوستان پر منحوس اور بھاری ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بہاد ر کشمیریوں نے مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اجاگر کردیا ہے ۔پاکستان کیلئے سفارتی محاذ پرازسر نو کشمیر کا مقدمہ پیش کرنے کیلئے اہم تر وسائل دستیاب ہوگئے ہیں لیکن سفارتی محاذ روائتی سستی ،بزدلی اور خدشات کا شکار ہے ۔انہوں نے کہا کہ اپنی آزادی کیلئے ہر طرح کے وسائل استعمال کرنا کشمیریوں کا حق ہے ۔

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں



سوشل میڈیا لنکس