Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

اہم خبریں

دشمن کا غرورپہلے بھی خاک میں ملایا ہے اور آئندہ بھی اسے سبق سکھانے کیلئے تیار ہیں ۔سینیٹرسراج الحق


لاہور6ستمبر2019ء:امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کے بائیس کروڑ عوام 22کروڑ مجاہد ہیں ۔پاکستان کا ہر نوجوان جذبہ جہاد اور شوق شہادت سے سرشار ہے ۔ شہداء ہمارے سروں کا تاج ہیں ۔پوری قوم کو اپنے شہداء اور غازیوں کے کارناموں پرفخر ہے ۔ قوم اپنی فوج کے شانہ بشانہ لڑنے کیلئے تیار ہے ۔  ہمارے جوانوں نے دشمن کا غرورپہلے بھی خاک میں ملایا ہے اور آئندہ بھی اسے سبق سکھانے کیلئے تیار ہیں ۔ جب تک کشمیر آزادنہیں ہوجاتا ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔ تقریریں اور بیانات بہت ہوگئے اب حکومت کو عملی اقدامات کی طرف آنا ہوگا۔کشمیر کی آزادی کیلئے حکومت کی ہر کوشش کا ساتھ دیں گے ۔ عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے فوری کردار ادا کرے ۔آج کا پاکستان 65اور 71کے مقابلہ میں بہت مضبوط اور طاقتور ہے ۔ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے اسے ایسا سبق سکھائیں گے کہ اس کی آنے والی نسلیں بھی یاد رکھیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم دفاع کے موقع پر باٹا پور میں یاد گار شہداء پر پھول چڑھانے اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد بھی موجود تھے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستان ہمارے لئے اللہ کی طرف سے عظیم امانت ہے۔پوری قوم مادر وطن کی حفاظت کیلئے سیسہ پلائی دیوار ہے ۔ پاکستان کی نظریاتی اور دفاعی سرحدوں کی حفاظت ہمارے ایمان کا حصہ ہے ۔ہم پاکستان کی حفاظت کیلئے جانیں قربان کرنا سعادت سمجھتے ہیں اور شہادت سے بڑھ کر ہمارے لئے سعادت کی اور کوئی موت نہیں ۔ہمارے نزدیک ہمیشہ زندہ و جاوید رہنے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ اپنی جان اللہ کے راستے میں قربان کردی جائے ۔شہداء اللہ کے درباراور ہمارے دلوں میں زندہ ہیں۔پوری قوم شہداء کے خاندانوں کی عظمت کو سلام پیش کرتی ہے ۔شہداء کے خاندان ہمارے لئے سب سے بڑھ کر عزت و احترام کے حقدار ہیں۔پوری قوم ان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے ۔  
سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ بھارت نے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کررکھا ہے اور تینتیس دنوں سے مقبوضہ کشمیر ایک بڑی جیل بنا ہوا ہے ۔لوگوں کو خوراک ،ادویات اور پینے کا پانی تک نہیں مل رہا ۔بیمار اور زخمی علاج کے بغیر دم توڑ رہے ہیں ۔سکول کالجز اور مارکیٹیں بند ہیں اور مقبوضہ کشمیر کی ساری قیادت جیلوں میں ہے ۔گزشتہ چند دنوں میں مقبوضہ وادی کی ایک بستی سے تین سو بچیوں کو اغواء کرلیا گیاہے۔ نوجوانوں کو اٹھاکر غائب کردیا جاتاہے ۔لوگ مساجد میں جاسکتے ہیں اور نہ انہیں ہسپتالوں میں جانے دیا جارہا ہے ۔لوگ اپنے مردوں کو گھروں میں دفنانے پر مجبور ہیں انہیں جنازہ پڑھنے اور قبرستانوں میںجانے تک کی اجازت نہیں ۔مقبوضہ کشمیر کی مائیں بہنیں اور بیٹیاں پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہیں ۔وہ کسی محمد بن قاسم اور محمود غزنوی کی راہ دیکھ رہی ہیں۔
سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ 6ستمبر عزم و ہمت ولولے اور غیرت کا دن ہے ۔قومی یکجہتی اور اتحاد کا اور دشمن کو للکارنے کا دن ہے ۔انہوں نے کہا کہ آج انڈیا تقسیم ہے لیکن پاکستانی قوم ،فوج اور حکومت ایک صفحہ پراور بھارت کو سبق سکھانے کے لئے تیار ہیں۔پاکستانی قوم کا یہ اتحاد دشمن کیلئے ایٹم بم سے زیادہ خطرناک ہے ۔آج پوری قوم نے یہ عزم کیا ہے کہ وہ شہداء کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنی پاک دھرتی کے چپے چپے کی حفاظت کرے گی اور پاکستان کو اسلامی و خوشحال پاکستان بنا کر دم لے گی۔انہوں نے کہا کہ اب وہ وقت دور نہیں جب پاکستان دنیا کی ایک عظیم اور سپر طاقت بنے گا۔

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں



سوشل میڈیا لنکس