Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

اہم خبریں

مقبوضہ کشمیر میں بھارت کا قتل عام ، لوگ مُردوں کو گھروں میں دفنانے پر مجبور ہیں۔ سینیٹرسراج الحق سے مقبوضہ کشمیر کی حریت تنظیموں کے وفد کی ملاقات


لاہور3/ستمبر2019ء:امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق سے مقبوضہ کشمیر سے حریت رہنما عبدالحمید لون اور مقبوضہ کشمیر کی تمام حریت تنظیموں کے نمائندہ وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی اور کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔
وفد کے شرکاء نے امیر جماعت اسلامی کو بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں جو قیامت برپا ہے اسے نہ کیمرے کی آنکھ دکھا رہی ہے اور نہ کسی صحافی کا قلم بیان کررہا ہے۔لوگ مردوں کو گھروں میں دفنانے پر مجبور ہیں۔کچھ لوگ گولی سے مرتے ہیں اور کچھ بھوک سے۔بھارتی فوجی ہسپتالوں اور گھروں سے لوگوں کو اٹھا کر عقوبت خانوں میں لے جاتے ہیں اور پھر کسی کوخبر نہیں ہوتی کہ وہ زندہ ہے یا مار دیا گیا ہے۔اکھنڈ بھارت کے نظریے نے کشمیر کو ایک اورکربلا بنا دیا ہے۔ کشمیر کی اصل صورتحال دنیا سے پوشیدہ ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کو رکوانے کیلئے کچھ نہیں کیا جارہا۔
وفد کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی اور پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ہم نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ شملہ معاہدہ اور لاہور ڈکلیریشن ختم کیا جائے، ایل او سی پر لگی باڑ کو فوراً گرایا جائے اور آزاد کشمیر کی اسمبلی میں مقبوضہ کشمیر کے عوام کو نمائندگی دی جائے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اقوام متحدہ سے مقبوضہ کشمیر میں امن فوج تعینات کرنے کا مطالبہ کرے اور ریڈ کریسنٹ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو فوری طور پر مقبوضہ کشمیر آناچاہئے۔
سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جس نے بھی کشمیری عوام سے دھوکہ اور کشمیر کا سودا کرنے کی کوشش کی اسے پاکستان میں قبر کیلئے بھی جگہ نہیں ملے گی۔پاکستانی قوم کسی صورت بھی ایسے لوگوں کو برداشت نہیں کریگی۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے۔کشمیری پاکستان کی بقا، سا  لمیت اور تکمیل کی جنگ لڑرہے ہیں۔جماعت اسلامی کی جدوجہد کسی دفعہ یا آرٹیکل کی بحالی کیلئے نہیں کشمیر کی آزادی کیلئے ہے اور جب تک کشمیر آزاد نہیں ہوجاتا ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔انہوں نے کہ کشمیر ہمارے لئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔ہم آخری سانس او ر خون کے آخری قطرے تک کشمیر ی بھائیوں کے ساتھ ہیں۔پاکستانی قوم اپنے مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں



سوشل میڈیا لنکس