Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

حکومت بھارت کو واضح پیغام دے کہ مقبوضہ کشمیر کی سابقہ پوزیشن کو قائم رکھنے کے لیے ہم آخری حد تک جائیں گے ۔ سینیٹر سراج الحق


لاہور5اگست 2019ء:امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ حکومت بھارت کو واضح پیغام دے کہ مقبوضہ کشمیر کی سابقہ پوزیشن کو قائم رکھنے کے لیے ہم آخری حد تک جائیں گے ۔ حکومت فوری طور پر OIC کا اجلاس بلا کر سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کرے اور عالمی برادری سے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیا جائے ۔ مودی حکومت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کر کے شملہ معاہدے اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی نفی کی ہے ۔ حکومت پاکستان اس کے خلاف ایک بین الاقوامی مہم شروع کرے ۔ فوری طور پر اسلام آباد میں اس مسئلہ پر ایک بین الاقوامی کانفرنس بلائی جائے اور دنیا بھر میں موجود اپنے سفیروں کو خصوصی ٹاسک دیا جائے کہ سفارتخانوں میں خصوصی طور پر کشمیر ڈیسک بنا کر کشمیر میں بھارتی مظالم سے عالمی برادری کو آگاہ رکھا جائے۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم ، ڈپٹی سیکرٹر ی جنرل محمد اصغر ، امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف کے ہمراہ منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ بھارت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا ا قدام طے شدہ منصوبہ کے تحت کیاہے ۔ ہماری حکومت کو بھی اس حوالے سے چوکس رہنا چاہیے تھا اور عالمی فورمز کو بھارت کے ان عزائم سے آگاہ کرنا چاہیے تھا ۔انہوں نے کہاکہ ٹرمپ نے کشمیر پر جس ثالثی کی پیشکش کی ہے اگر اس کا مقصد کشمیر کے دیرینہ اور بین الاقوامی موقف کی بجائے وادی کی بندر بانٹ ہے تو اسے خود کشمیری بھی تسلیم نہیں کریں گے ۔ کشمیر پر ثالثی کو اسی صورت تسلیم کیا جائے گا جب اس کا مقصد استصواب رائے کرانااور کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیناہوگا ۔ انہوںنے کہاکہ بھارت کے اس اقدام سے پورا خطہ جنگ کے خطرے سے دوچار ہوگیاہے اور عالمی برادری نے فوری طور پر اپنا کردار ادا نہ کیا تو خطے میں جنگ کی آگ بھڑک سکتی ہے اور پھر یہ جنگ کسی ایک علاقے یا خطے تک محدود نہیں رہے گی بلکہ پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ پاکستان افغانستان میں قیام امن میں تعاون کو کشمیر میں استصواب رائے سے مشروط کر ے ۔ آج تک امریکہ پاکستان سے ڈو مور کا مطالبہ کرتا رہاہے اب پاکستان کو آگے بڑھ کر امریکہ سے موثر رول اد ا کرنے کا مطالبہ کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت نے یک طرفہ طو ر پر جنگ کا اعلان کردیاہے اب پاکستانی حکومت اور اداروں کو بھی پوری طرح تیار رہنا چاہیے ۔ پوری قوم اس مہم میں اپنی افواج کی پشت پر ہوگی ۔ انہوںنے کہاکہ کشمیر کی تقسیم قابل قبو ل نہیں ۔ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے ۔ ہم کسی صورت بھی کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے ۔ 

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت نے خطے کی موجودہ غیر معمولی صورتحال پر جو جوائنٹ سیشن بلایاہے ، جماعت اسلامی اس میں شرکت کرے گی ۔ کشمیر کے مسئلہ پرپوری قوم ایک پیج پر ہے ۔ انہوںنے کہاکہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ کر کے دفعہ 144 لگا رکھی ہے ۔ بھارت نے پہلے سے کشمیر میں موجود سات لاکھ فوج کے باوجود ایک لاکھ فوج مزید داخل کر دی ہے اور کشمیر کو ایک کروڑ مسلمانوں کے لیے جیل بنادیا ہے ۔ پوری کشمیری قیادت جیلوں میں بند ہے ۔ فرانس ، کینیڈا سمیت کئی ممالک نے اپنے سیاحوں کو فوری طور پر کشمیر سے نکلنے کی وارننگ دے دی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی ملک بھر میں کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے مظاہر ے ، جلسے ، جلوس اور ریلیاں کرے گی اور عید کے بعد کشمیر پر قومی کانفرنس اسلام آباد میں کی جائے گی ۔

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں



سوشل میڈیا لنکس