Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

تبدیلی کا نام لینے والی پارٹی نے نوجوانوں کو مایوسی اور بے روزگاری کے سوا کچھ نہیں دیا ۔کاشف سعید شیخ


کراچی   28جولائی 2019 جماعت اسلامی سندھ کےجنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ موجودہ مایوسی اور اندھیروں کے دور میں نوجوان نسل قوم کی امیدوں کا مرکز ہے، پاکستان کی 70فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جو امت مسلمہ کی بہت بڑی طاقت ہے، دشمن نوجوانوں کو بے راہ روی اور مادہ پرستی کی طرف دھکیل کر دراصل پاکستان کی جڑوں کو کمزور کرنے کی سازش کررہا ہے جسے ناکام بنانے کیلئے جے آئی یوتھ کے نوجوان اپنا کردار اداکریں اور نوجوانوں کو ایمان، امانت، دیانتداری اور حب الوطنی واسلام دوستی کے جذبے سے سرشار کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر میں جے آئی یوتھ اپر سندھ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جے آئی یوتھ کے صوبائی صدر فرہاد گل،نائب صدر احمد گڈانی اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔ کاشف سعید شیخ نے مزید کہا کہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت مغربی میڈیا اور انکے آلہ کار این جی اوز پاکستان میں بے راہ روی اور بے حیائی کو فروغ دیکر نوجوانوں کو اپنے اصل مقصد سے ہٹانے کی کوشش کررہے ہیں، کشمیر، افغانستان اور فلسطین میں آج بھی امت مسلمہ کے نوجوان کفار کی آنکھوں میں آنکھیں ڈالکر پتھروں سے جہاد کررہے ہیں کشمیر میں شہید مظفر وانی کی شہادت کے بعد بھارتی فوج نوجوانوں کے جہادی جذبے خفا ہوکر ہر روز جوانوں کو شہید کررہی ہے لیکن جہاد کشمیر ختم ہونے کی بجائے مزید تیزی آئی ہے۔پاکستان کو اسلامی اور خوشحال پاکستان بنانے کیلئے نوجوان جماعت اسلامی کا ہر اول دستہ ثابت ہونگے، ہم نوجوانوں کو بے راہ روی اور شیطانی راستوں سے ہٹاکر کھیلوں کے میدانوں، ملک کے ترقی اور تعمیر کیلئے جے آئی یوتھ کے پلیٹ فارم سے پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایک اسلامی اور فلاحی ریاست بنانے کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔نوجوان ہی ہماری امیدوں کا مرکز اور محور ہیں، تبدیلی کا نام لینے والی پارٹی نے نوجوانوں کو مایوسی اور بے روزگاری کے سوا کچھ نہیں دیا ہے اسلئے ملک کے محب وطن اور اسلام سے پیار کرنے والے نوجوان اب کلمے والے پرچم کے سائے میں جمع ہوکر پاکستان اور امت مسلمہ کی امنگوں کے عین مطابق اپنا کردار ادا کریں۔

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں



سوشل میڈیا لنکس