Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

تاجروں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔ سینیٹر سراج الحق کا 13 جولائی کو تاجر تنظیموں کی ملک گیر ہڑتال کی حمایت کا اعلان


 لاہور 11جولائی 2019 ء:امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے 13 جولائی کو تاجر تنظیموں کی ملک گیر ہڑتال کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ جماعت اسلامی تاجروں کو تنہا نہیں چھوڑے گی ۔ حکومت آئی ایم ایف کے دباﺅ پر تاجروں کو دباﺅ میں لانے اور ان کے کاروبار ختم کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ تنظیم تاجران کے مرکزی صدر کاشف چوہدری کے رابطہ پر سینیٹر سراج الحق نے انہیں تاجروں کی ہڑتال کی مکمل حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہاکہ حکومت کے ظالمانہ اقدامات ناقابل برداشت ہوچکے ہیں ۔ حکومتی اقدامات کی وجہ سے ملک میں کاروبار زندگی ٹھپ ہوچکاہے ۔ ہزاروں چھوٹے صنعتی یونٹ اور گھریلودستکاریاں بند ہونے سے لاکھوں لوگوں کا روزگار ختم ہوگیاہے ۔ لوگ مہنگائی ، بے روزگاری کے ہاتھوں تنگ آ کر خود کشیوں پر مجبور ہوچکے ہیں ۔ عوام مہنگائی اور غربت کی چکی میں پس رہے ہیں اور حکمران ہر روز آئی ایم ایف کے حکم پر نئے نئے ٹیکس متعارف کروا رہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ حکومت محض آئی ایم ایف کو خوش کرنے کے لیے تاجربرادری پر دباﺅ ڈال رہی ہے ۔ حکومت نے کسی معاملے میں بھی تاجر برادری اور منتخب ایوان کو اعتماد میں نہیں لیا اور عوام کو چارہ بنا کر آئی ایم ایف کے آگے ڈال دیاگیاہے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا حکومت نے اپنی نااہلی اور نالائقی سے عوام کو مارنے کا ٹھیکہ لے رکھاہے ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستانی عوام کے ساتھ آئی ایم ایف کا رویہ قصائیوں جیسا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ حکومتی پالیسیوں سے تمام شعبہ ہائے زندگی کے لوگ تنگ آچکے ہیں ۔ صنعت اور زراعت تباہی کے دھانے پر ہے کسان اور مزدور کا کوئی پرسان حال نہیں ۔ انہوںنے کہاکہ حکمران کہتے تھے کہ وہ ملک سے غربت کا خاتمہ کریں گے مگر ان کی پالیسیوں سے روزانہ لاکھوں کی تعداد میں لوگ غربت کی لکیر سے نیچے لڑھکتے جارہے ہیں ۔ حکومت کا سارا زور کولیکشن پر ہے جنریشن کی طرف توجہ نہیں ۔ 

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں



سوشل میڈیا لنکس