Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

اہم خبریں

حکومت پاکستان مذاکرا ت کی بھیک مانگنے کے بجائے نریندر مودی کے مکروہ چہرے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرے۔ شہدائے کشمیرکانفرنس


لاہور 8جولائی 2019 ء: جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان مذاکرا ت کی بھیک مانگنے کے بجائے نریندر مودی کے مکروہ چہرے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرے،مودی کے ہاتھ کشمیریوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔ سلامتی کونسل کی غیر مستقل رکنیت کے لیے بھارت کو ووٹ دینا کشمیریوں کے لہو سے غداری ہے ،حکومت پاکستان،افغانستان کے عوام اور قیادت کی طرح جرات کا مظاہرہ کرے ۔کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کا عالمی برادری نے ان سے وعدہ کررکھا ہے ،کشمیریوں کے مستقبل کا فیصلہ پاکستان ،ہندوستان نے نہیں بلکہ کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق کشمیریوں نے کرنا ہے ایسا کوئی فیصلہ کشمیریوں پر مسلط نہیں ہونے دیں گے جس پر کشمیریوں کے تحفظات ہوں ،جماعت اسلامی پاکستان کشمیریوں کی پشت پر ہے شہداءکے مقدس خون سے کسی کو غداری نہیں کرنے دیں گے،برہان مظفر وانی شہید کشمیریوں کی تحریک کا وہ جرنیل ہے جو آزادی کی تحریک کی مثال بن گیا اور نوجوانوں نے اسے اپنا ہیرو بنا لیا ،برہان وانی شہید نے پوری دنیا میں یہ باور کروایا کہ مسئلہ کشمیر ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مسئلہ نہیں بلکہ یہ کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق کا مسئلہ ہے ۔ پی ایچ ڈی سکالرز،ڈاکٹر ز،انجینئرز ،پروفیسرز نے تحریک آزادی میں شامل ہو کر اپنا خون پیش کیا جس کی مثال نہیں ملتی ،72سال سے کشمیری ہندوستان کے ناجائز قبضے کے خلاف جدوجہد کررہے ہیں ،حق خودارادیت کے علاوہ کوئی حل قبول نہیں ،ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے زیر اہتمام شہدائے کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کانفرنس سے جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان ،نائب امیر شیخ عقیل الرحمان،حریت راہنماغلام محمد صفی ،جماعت اسلامی یوتھ پاکستان کے صدرزبیر گوندل،امیر جماعت اسلامی ضلع مظفرآبادارشد بخاری،نثار شائق و دیگر قائدین نے خطاب کیا۔

 لیاقت بلوچ نے کہاکہ پاکستان کی پارلیمنٹ اور قومی قیادت کشمیر پر یکساں موقف اپنائے اور قومی پالیسی تشکیل دے۔ آزادکشمیر کے عوام جماعت اسلامی کے دست وبازو بنیں ،مہاجرین کے مسائل حل کیے جائیں اور انہیں تمام سہولیات فراہم کی جائیں ،شہدائے کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ کشمیری گزشتہ200سال سے آزادی کی جدوجہد کررہے ہیں ،13جولائی 1931میں اذان کی تکمیل میں 22کشمیریوں نے جام شہادت نوش کیا ،پاکستان بننے سے قبل 19جولائی 1947ءمیں سری نگر میں کشمیریوں نے اپنی منزل پاکستان کو قرار دے کر قرارداد پاکستان منظور کی ،قائدین حریت سید علی گیلانی،شبیر شاہ،یاسین ملک،عبدالحمید فیاض،آسیہ اندرابی،میرواعظ عمرفاروق سمیت دیگر قائدین کی استقامت کو سلام پیش کرتے ہیں اور انہیں یقین دلاتے ہیں کہ ہم ان کے شانہ بشانہ ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر ی پاکستان کی تکمیل،بقاءاور سلامتی کی جنگ لڑرہے ہیںہم جماعت اسلامی پاکستان کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہرمشکل گھڑی میں کشمیریوں کی حقیقی پشتیبانی کا حق ادا کیا۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی شیخ عقیل الرحمان نے کہاکہ شہداءکشمیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں برہان مظفر وانی شہید نے 16سال کی عمر میں 8لاکھ ہندوستانی افواج کو تگنی کا نا چ نچایا اور بے بس کردیا پاکستان کے حکمران بزدلی کا مظاہر ہ چھوڑ کر اہل کشمیر کی عملی مدد کر یں ،پاکستان کے جھنڈے کو سلامتی دے کر کشمیری اپنے سینے پر گولیاں کھا کر پاکستانی پرچموں میں مدفوں ہو رہے ہیں کشمیری پاکستانیوں سے بڑھ کر پاکستانی ہیں۔ حریت راہنما غلام محمد صفی نے کہاکہ کشمیری اپنی جدوجہدآزادی کو ہرصورت جاری رکھیں گے کشمیر کا بچہ بچہ کٹ مرنے کے لیے تیار ہے ہندوستان عملاً کشمیر میں شکست کھا چکا کشمیریوں کو آزادی کی منزل سے کوئی نہیں روک سکتا۔

کانفرنس کے موقع پر قرارداد پیش کی گئی جس کو متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا جس میں لکھا گیا ہے کہ جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے زیر اہتمام قوم کے عظیم سپوت،ہیرو تحریک آزادی کشمیر کے ایک روشن بات اورسنگ میل برہان مظفروانی شہید کی یوم شہادت کے موقع پر اس عظیم الشان شہدائے کشمیر کانفرنس کے شرکاءاپنے اس عظیم شہید اور تحریک مزاحمت کی علامت برہان مظفر وانی شہید سمیت گزشتہ کئی دہائیوں سے مقبوضہ وادی میں خونی لکیر کے اس پا ر آزادی کی اس تحریک کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے تمام شہداءاسلام کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور مقبوضہ کشمیر میں حریت قیادت ،مجاہدین آزادی اور عوام سے یکجہتی کااظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ بیس کیمپ میں بسنے والی پوری قوم آزادی کی اس تحریک میں ہر اعتبار سے اپنی ذمہ داریاں پورے کرے گی

Youtube Downloader id

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں



سوشل میڈیا لنکس